نئی دہلی، 16دسمبر (یو این آئی) اجودھیا میں شری جنم بھومی پر بننے والے شاندار مندر کے لئے پورے ملک کے عقیدت مندوں کے تعاون کیلئے پندرہ جنوری سے 27 فروری تک شری رام مندر فنڈ مہم چلائی جائے گی۔وشو ہندو پریشد کے نائب صدر اور شری رام جنم بھومی تیرتھ نیاس کے مہا منتری چمپت رائے نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ شری رام مندر کی تعمیر کے لئے پورے ملک میں ہر ایک رام بھکت کا تعاون لیا جائے گا اور اس کے لئے وشو ہندو پریشد کے کارکن سنتوں اور باقی سماج کے لوگوں کے ساتھ گھر گھر جائیں گے۔
مسٹر رائے نے کہا کہ آئندہ مکر سنکرانتی (پندرہ جنوری) سے ماگھ۔پورنیام (27فروری) تک چلائی جانے والی اس عوامی رابطہ مہم میں لاکھ وی ایچ پی کے کارکن ملک کے چار لاکھ گاووں کے گیارہ کروڑ کنبوں سے رابطہ کریں گے۔ معاشی معاملات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے نیاس نے دس، 100اور ایک ہزار روپے کے کوپن اور رسیدیں چھاپی ہیں۔ سماج کے لوگ جیسے دیں گے اسی کے مطابق کوپن یا رسید دی جائے گی اور کروڑوں گھروں میں بھگوان کے مندر کی تصویر بھی پہنچائیں گے۔ مسٹر رائے نے کہا کہ اس مہم میں سماج کے لوگ رضاکارانہ طورپر تعاون کریں گے کیونکہ یہ کام بھگوان کا ہے اور مندر شری رام کا ہے۔بھگوان کے کام میں پیسہ رکاوٹ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کے ذریعہ شری جنم بھوم سے سیدھے جوڑ کر شری رام کی تشہیر کی جائے گی۔ ملک کی ہر ذات، مسلک، پنتھ، خطے اور زبان کے لوگوں کے تعاون سے رام مندر حقیقت میں ایک قومی مندر کی شکل اختیار کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مندر کی تعمیر کی تیاری چل رہی ہے۔ ممبئی، دہلی،چنئی اورگوہاٹی کے آئی آئی ٹی، سی بی آر آئی رڑکی، لارسن اینڈ ٹربو اور ٹاٹا کے ماہر انجینئر مندر کی مضبوط بنیاد کی درائینگ پر صلاح و مشورہ کررہے ہیں۔بہت جلد بنیاد کی شکل و صورت سامنے آجائے گی۔ ہرمنزل کی اونچائی بیس فٹ، لمبائی 360فٹ او ر چوڑائی 235فٹ ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پانچ اگست کو اجودھیا میں پوجا کرکے مندر کی تعمیر کے عمل کو رفتار دی تھی۔