چوری رنگے ہاتھ پکڑی گئی اس کے باوجود بی جے پی جھوٹ پر اڑی ہے
ممبئی: 19دسمبر(ورقِ تازہ نیوز)جس بی جے پی کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ، وہ اب سینہ زوری پر اتر آئی ہے۔ دو کلومیٹر دور جنہیں روک دیا گیا تھا، وہ اب یہ کہہ رہے ہیں کہہ انہوں نے تلک بھون پر مورچہ نکالا تھا۔رافیل چوری میں جو لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ، وہ اب سینہ زوری پر اتر آئے ہیں۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کےجنرل سکریٹری و ترجمان سچن ساونت بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہی ہیں۔سچن ساونت نے کہا کہ رافیل چوروں کی ہمت نہیں ہے کہ وہ کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون کے بھی قریب آسکیں۔ اگر وہ تلک بھون آتے تو جس طرح چوروں کا استقبال کیا جاتا ہے، کانگریس کے کارکنان ان کا اسی طرح استقبال کرتے۔ بی جے پی جیسے چوروں کی چیخ پکار پر کانگریس پارٹی کوئی توجہ نہیں دے گی۔ انہوں نےکہا کہ جب تک چوری کرنے والے چوکیدار کو سزا نہیں مل جاتی، اس وقت تک کانگریس کے صدر راہل گاندھی کی قیادت میں رافیل کے چوروں کے خلاف ہماری لڑائی جاری رہے گی۔