نوٹ بندی آزاد ہند کا سب سے بڑا اسکام ۔ لوگوں کی جانیں گئیں لیکن وزیراعظم مودی بدستور خاموش۔ کانگریس کا بیان
نئی دہلی؍ رائے پور ۔ 13 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) رافیل جیٹ طیارہ معاملت کے بارے میں سیاسی تنازعہ نے آج شدت اختیار کرلی جب کانگریس نے ڈسالٹ سی ای او کی جانب سے دعوؤں کو من گھڑت جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ ڈسالٹ نے کہا ہے کہ اس معاملت میں کوئی غلطی نہیں ہوئی ہے ۔ چنانچہ کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر تازہ چوٹ کی ہے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سنگھ سرجیوالا نے کہاکہ لڑاکا جٹ طیارہ معاملت کے بارے میں قوم کو منصفانہ تحقیقات کی ضرورت ہے نہ کہ توڑمروڑ کر پیش کی جانیوالی وضاحتیں ۔ وہ ڈسالٹ ایوی ایشن سی ای او ایرک ٹراپیر کی جانب سے میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اس کنٹراکٹ کی مدافعت پر ردعمل ظاہر کررہے تھے ۔ ٹراپیر نے 58,000 کروڑ روپئے کی معاملت میں کچھ بھی غلط نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صاف ستھری معاملت ہوئی ہے ۔ ٹراپیر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اُن کی کمپنی نے ریلائینس کو ضمنی پارٹنر کی حیثیت سے منتخب کیاتھا۔ سرجیوالا نے ٹوئٹر پر کہاکہ خاص ہدایات کے زیراثر دیئے جانے والے انٹرویو اور توڑمروڑ کر پیش کی جانیوالی جھوٹی باتیں رافیل اسکام کو نہیں دباسکتیں ۔ قانون کا پہلا اُصول یہ ہے کہ باہمی استفادہ کنندگان اور شریک ملزمین کے بیانات کی کوئی قدر نہیں ہوتی۔ دوسرا اُصول یہ ہے کہ استفادہ کنندگان اور ملزمین خود اپنے کیس میں جج نہیں ہوسکتے۔ سچ بہرحال اُبھرکر رہتی ہے۔ بی جے پی حکومت اور ڈسالٹ اور پی ایم مودی نیز ایرک ٹراپیر کے پبلک ریلیشنس کی شعبدہ بازیوں سے صریح بدعنوانی پوشیدہ نہیں رکھی جاسکتی۔ ایرو اسپیس کی بڑی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن نے ریلائینس ڈیفنس لمیٹیڈ کے ساتھ شراکت داری کی ہے جو انڈین ایرفورس (فضائیہ) کو 36 رافیل لڑاکا جٹ طیاروں کی فراہمی سے متعلق ہے ۔ مرکز نے پیر کو سپریم کورٹ کو مطلع کیا کہ دفاعی سامان کی حصولیابی کا طریقہ کار جو 2013 ء میں یو پی اے نے بنایا تھا ، فرانس سے 36 جٹس کی حصولیابی میں اُس کی پوری تعمیل کی گئی اور یہ معاملت کو کابینی کمیٹی برائے سلامتی کی منظوری حاصل ہے ۔ دریں اثناء نوٹ بندی کے عمل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس لیڈر سرجیوالا نے آج اسے آزاد ہندوستان کا سب سے بڑا اسکام قرار دیا جس کے سبب شہریوں نے اپنی جانیں گنوائیں ، نوکریاں اور عمر بھر کی بچتیں بھی کھودیں۔ انتخابات والے چھتیس گڑھ میں دارالحکومت رائے پور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرجیوالا نے وزیراعظم مودی پر تنقید کی کہ وہ اس عمل کے دو سال کی تکمیل کے باوجود اس مسئلہ پر خاموش ہیں ۔ جس طرح وہ نوٹ بندی کی تعریف کئے جارہے ہیں اُس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اندھیر نگری چوپٹ راج کا معاملہ ہے ۔ کانگریس سربراہ راہول گاندھی اور اُن کی ماں سونیا گاندھی کو خصوصیت سے نشانہ بناتے ہوئے مودی نے پیر کو چھتیس گڑھ میں انتخابی ریالی میں کہا تھا کہ ماں بیٹے کی جوڑی ضمانت پر ہے اور وہ حکومت کے نوٹ بندی اقدام پر سوال اُٹھارہے ہیں ۔