رابوڑی میں جلوس محمدی تزک و احتشام کے ساتھ برآمد
قائد جلوس حضرت علامہ مولانا سید تفضیل اشرف قبلہ کی قیادت، نعت و درود کی گونج سے گلیاں روشن
تھانے (آفتاب شیخ)
عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر ہر سال کی طرح اس بار بھی سنی سرکل کے زیر اہتمام جلوس عید محمدی نہایت تزک و احتشام سے پہلی رابوڑی مسجد اشرفیہ سے برآمد ہوا۔ جلوس کی قیادت آل رسول دارالعلوم محبوب یزدانی، سنی سرکل رابوڑی کے ناظم اعلی حضرت علامہ مولانا سید تفضیل اشرف صاحب قبلہ نے کی، جس میں بڑی تعداد میں فرزندانِ توحید شریک ہوئے۔ شرکاء نعتیہ کلام اور درود و سلام کی صداؤں کے ساتھ مختلف مقامات پر فاتحہ خوانی اور دعاؤں میں مشغول رہے۔
یہ جلوس پہلی رابوڑی سے ہوتا ہوا حضرت ماپلے شاہ بابا درگاہ پر حاضری دینے کے بعد مسجد نور پر عصر کی نماز کی ادائیگی کے ساتھ آگے بڑھا۔ اس کے بعد دوسری رابوڑی کی نور مسجد سے صالحہ شاہ بابا درگاہ تک پہنچ کر فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ اختتام پہلی رابوڑی کی مومن پورہ جمعہ مسجد میں نماز عشا اور پیر ملا احمد شاہ بابا درگاہ پر دعا کے ساتھ کیا گیا۔
جلوس کے راستے میں جگہ جگہ مقامی افراد، کمیٹیوں اور سماجی و سیاسی شخصیات نے جلوس کا شاندار استقبال کیا، پھول برسائے اور شرکاء جلوس کے لئے شربت، پانی، فالودہ، بسکٹ، چاکلیٹ، کھانے پینے کی اشیاء سمیت ٹوپی، مسواک، عطر، سرمہ، تسبیح اور گلاب کے پھول تقسیم کئے۔
حضرت علامہ مولانا سید تفضیل اشرف صاحب قبلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس اور جلسوں میں اس بات کا خاص خیال رکھا جانا چاہئے کہ کوئی عمل اسلامی تعلیمات کے منافی نہ ہو۔ جلوس کو ذکر و اذکار، درود و سلام اور پاکیزہ انداز سے آراستہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خرافات، ناچ گانا، غیر اخلاقی نعرے اور شور و غل سے اجتناب ضروری ہے۔ انہوں نے پوری امت کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک و ملت کو ہر قسم کے فتنوں سے محفوظ رکھے۔
جلوس کے دوران سماجی شخصیات نے قائد جلوس کا گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا جبکہ سنی دعوت اسلامی کے مقامی ذمہ داران نے میمینٹو پیش کیا۔ شرکاء جلوس کو "محمد بہترین ٹیچر" کے کارڈس پیش کئے گئے اور پولیس اہلکاروں سمیت اساتذہ کی بھی گلپوشی کر کے حوصلہ افزائی کی گئی۔ اسی دوران "آپریشن سیندور" کا ایک ماڈل بھی جلوس میں شامل کیا گیا جو سب کی توجہ کا مرکز رہا۔ آخر میں سنی سرکل مسجد پر درود و سلام اور اجتماعی دعا کے ساتھ جلوس کا پرنور اختتام ہوا۔
اللہ رب العزت اس جلوس محمدی کی برکت سے تمام اہل ایمان کی مغفرت فرمائے، ملک کو امن و سکون عطا کرے اور حضور اکرم ﷺ کی محبت ہمارے دلوں میں مزید راسخ فرمائے۔