دیگلور:10مارچ :(ورق تازہ نیوز)دیگلور میں نرنگل روڈ پر کھیت کی سمت گئے ایک معلم کونامعلوم گاڑی نے ٹکر ماری جس کی وجہہ سے اسکی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی ۔ جبکہ دوپہر کے وقت شہر کے وٹھل ریڈی گرنی کے سامنے سڑک عبور کرتے ہوئے ایک شخص کو ٹراویلس نے کچل دیا جس کی وجہہ سے ا س شخص کی بھی جائے حادثہ پر موت ہوگئی ۔
شہر میں ایک ہی دن میں دردناک حادثات سے غم و افسوس کا اظہار کیاجارہاہے ۔شاہ پور کے اندراگاندھی پرائمری اسکول میںمعاون معلم شیخ غفور عمر 46سال متوطن مانور تعلقہ دیگلور نرنگل روڈپر بستی میں کرایہ کے مکان میں قیام پذیر تھے ۔ آج صبح وہ نرنگل روڈ پر واقع اپنے کھیت میں اتوار کو تعطیل ہونے پرسیرتفریح کےلئے پیدل جارہے تھے اس وقت عقب سے آرہے موٹرسائیکل سوارنے شیخ غفو ر کو ٹکر ماری جس کی وجہہ سے انکی موت ہوگئی ۔
آج صبح دس بجے یہ دردناک حادثہ رونما ہوا ۔شہر میں ایک اور حادثہ ریڈی گرنی کے سامنے مین روڈ پر رو نما ہوا جس میںنارائن بابو واگھمارے عمر 35سال کی سڑک عبور کرتے وقت ٹراویلس کی ٹکر سے موت ہوگئی ۔ دیگلورتا ناندیڑ چلنے والی خانگی مسافر بردار ٹراویلس گاڑی نمبر MH 26-B- 299 نے انھیں کچل دیا جس کی وجہہ سے انکا سرچکناچور ہوگیا اور جائے حادثہ پرہی انکی موت ہوگئی ۔فریادی رتیش وجئے واگھمارے کی شکایت پر دیگلور پولس نے ٹراویلس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کردیا ہے ۔