حیدرآباد: خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کلک بیٹ (Clickbait) کے استعمال کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناظرین کو دھوکہ دے کر ویڈیوز پر کلک کروانا اور مواد کو حقیقت سے مختلف پیش کرنا شریعتِ اسلامیہ کے مطابق ناجائز اور گناہ ہے۔
مفتی صابر پاشاہ قادری نے قرآنِ مجید کی آیت،
"إِنَّ اللّٰهَ لَا يُحِبُّ مَنْ كَانَ خَوَّانًا أَثِيمًا” (النساء: 107) کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ایسے شخص کو پسند نہیں کرتا جو دھوکہ دینے والا اور بددیانت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھوکہ دہی انسان کو گناہ اور خیانت کے زمرے میں داخل کرتی ہے۔
انہوں نے احادیث کی روشنی میں وضاحت کی کہ ناظرین کی تعداد بڑھانے یا اشتہاری آمدنی کے لیے غلط عنوانات اور تصاویر استعمال کرنا، جو حقیقت سے مختلف ہوں، دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ کا ارشاد ہے: "مَنْ غَشَّ فَلَيْسَ مِنِّي” یعنی جس نے دھوکہ دیا وہ مجھ سے نہیں۔