دہلی الیکشن میں ’انجان آدمی پارٹی‘ کی دستک، کیجریوال کو ٹکر دے گا ’چک دے انڈیا‘ بوائے!

دہلی اسمبلی الیکشن میں کانگریس، عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے علاوہ کئی دیگر پارٹیاں بھی اپنے امیدوار اتار رہی ہیں۔ ان پارٹیوں میں سے ہی ایک ہے ’انجان آدمی پارٹی‘ جو اپنے نام کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کر رہی ہے۔ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق اس پارٹی نے دہلی اسمبلی الیکشن میں اپنے 2 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ پہلے امیدوار انل ملک ہیں جو بجواسن اسمبلی سیٹ سے کھڑے ہوئے ہیں اور دوسرے امیدوار ہیں شیلندر سنگھ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شیلندر سنگھ نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے عآپ امیدوار اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ دلچسپ یہ بھی ہے کہ شیلندر فلم ’چک دے انڈیا‘ میں اداکاری کر چکے ہیں اور انھوں نے فلم میں شاہ رخ خان کے کوچ کا کردار نبھایا تھا۔

ایک ہندی نیوز پورٹل سے بات چیت کے دوران انجان آدمی پارٹی کے لیڈر اوپندر پرساد نے بتایا کہ ’’شیلندر بین الاقوامی ہاکی کھلاڑی رہ چکے ہیں اور 10 سال قبل دہلی میں ایک جلتی بس سے لوگوں کو بچا کر بھی شیلندر سرخیوں میں آئے تھے۔ وہ ایک معروف شخصیت ہیں اور کیجریوال کو شکست دینے کا مادہ رکھتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ ملک بھر میں تقریباً 2300 سیاسی پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں جن میں 65 پارٹیاں منظور شدہ ہیں اور ان میں سے محض 7 قومی پارٹیاں ہیں۔ انجان آدمی پارٹی کا نام ایسی پارٹیوں میں شمار ہوتا ہے جو اپنے نام کی وجہ سے زیادہ مقبول ہوئی ہیں۔ 2015 میں وجود میں آئی اس پارٹی کے کارکنان دہلی اسمبلی الیکشن میں تشہیر کرتے ہوئے ضرور نظر آئے ہیں، لیکن محض دو سیٹوں پر امیدوار کھڑا کیے جانے سے ظاہر ہے کہ یہ کوئی بہت بڑا کمال کرنے کی امید خود بھی نہیں کر رہی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading