دہلی: اروند کیجریوال نے لگاتار تیسری بار وزیر اعلیٰ عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے پیر کو لگاتار تیسری بار دہلی کے وزیر اعلی کے عہدہ کا چارج سنبھال لیا۔ اس کے علاوہ اروند کجریوال کے کابینہ رکن منیش سسودیا، ستیندر جین، راجندر پال گوتم اور عمران حسین نے بھی یہاں دہلی سکریٹریٹ میں اپنے اپنے محکموں کا عہدہ سنبھال لیا۔ دہلی حکومت کے دیگر وزیر کیلاش گهلوت اور گوپال رائے نے بھی آج اپنا اپنا عہدہ سنبھال لیا۔

یہ تیسری بار ہے جب کجریوال نے اپنی کابینہ میں کسی خاتون رکن کو شامل نہیں کیا ہے۔ خیال رہے ’ آپ‘ کنوینر اروند کجریوال کو اتوار کے روز لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے دارالحکومت کے تاریخی رام لیلا میدان میں وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف دلایا تھا۔ اروند کجریوال کی قیادت میں آپ نے مسلسل دوسری بار دہلی اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل کی تھی۔ 11 فروری کو آئے نتائج میں ’آپ‘ کو 70 میں سے 62 اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو آٹھ سیٹوں پر کامیابی ملی تھی،جبکہ کانگریس کی جھولی 2015 کی طرح اس بار بھی خالی رہ گئی تھی۔

بہر حال، اروند کیجریوال نے محکموں کی تقسیم تو کر دی ہے لیکن میڈیا ذرائع کے مطابق اپنے پاس ایک بھی محکمہ نہیں رکھا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی جَل بورڈ کی ذمہ داری ستیندر جین کو دی گئی ہے، محکمہ سیاحت گوپال رائے کے سپرد کیا گیا ہے جب کہ محکمہ برائے خاتون و ترقی اطفال راجندر پال گوتم کے حوالے کیا گیا ہے۔

اس درمیان عہدہ سنبھالنے کے بعد گوپال رائے نے کہا کہ ’’دہلی سیکرٹریٹ پہنچ کر میں نے آج عہدہ سنبھال لیا اور اگلے پانچ سال دہلی کے عوام کے ساتھ مل کر اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی کو اور آگے لے کر جانا ہے ۔‘‘ گوپال رائے مسلسل تیسری مرتبہ اروند کیجریوال کی کا بینہ میں کابینہ وزیر کے طور پر شامل ہیں ۔ وہ شمال مشرقی دہلی کی بابر پور سیٹ سے مسلسل تیسری مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading