واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو کہا ہے کہ انہیں بدعنوانی کے معاملوں کی جانچ میں مدد کے لئے دیگر ممالک کو کہنے کا حق ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی جانچ چل رہی ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا تھا کہ یوکرین اور چین کو تاجر ہنٹر بائڈن کے خلاف انہیں جانچ کرنی چاہیے۔ وہ سابق نائب صدر جوئے بائڈن کے بیٹے ہیں جو 2020 میں صدر کے عہدے کے لئے ڈونالڈ ٹرمپ کے بالمقابل کھڑے ہونے والے ہیں۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے چین کے صدر شی جنپنگ سے ہنٹر بائڈن کے بارے میں جانچ کرنے کی درخواست کی تھی تو ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا تھا لیکن ایسا کچھ ہم شرو ع کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں کیونکہ ہنٹر پر چین سے زبردست سرمایہ حاصل کرنے کا الزام ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’’امریکہ کے صدر کی حیثیت سے مجھے اس بات کا مکمل اختیار ہے اور شاید یہ جانچ کرنے یا جانچ کرائے جانے کے لئے کہنے کی میری ڈیوٹی بھی ہے اور اس میں کسی ملک کو کچھ کہنا، مشورہ دینا یا مدد کرنا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ 24 ستمبر کو ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے ایک شکایت کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تجویز کا اعلان کیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ہنٹر بائڈن کے خلاف جانچ کا دباؤ بنانے کے لئے 25 جولائی کو یوکرین کے صدر ولادیمیر جیلنسکی سے فون پر بات کی تھی۔ یہ ٹیلی فون بات چیت عام کردی گئی ہے اور ڈونالڈ ٹرمپ نے ان سبھی الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
