دنیا کے بڑے بینک تیز رفتاری سے سونا کیوں خرید رہے ہیں اور اس سے ڈالر کو کیا خطرہ ہے؟

ڈالر کے بدلے سونا۔ دنیا میں بہت سے ممالک کے مرکزی بینک امریکہ پر انحصار کم کرنے کی کوششوں میں ایسا کر رہے ہیں یعنی ڈالر کے بجائے سونے کو ترجیح۔سونے کی صنعت کی نمائندگی کرنے والے ادارے عالمی گولڈ کونسل نے بتایا ہے کہ سینٹرل بینکوں نے گذشتہ سال اپنے ذخائر میں سب سے زیادہ سونا جمع کیا ہے۔ یہ سنہ 1950 میں جب سے سونے کا ریکارڈ رکھنا شروع کیا گیا اس وقت سے اب تک کا ریکارڈ ہے۔

اور اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ رواں سال یعنی سنہ 2023 بھی یہ رجحان قائم ہے۔ڈالر نے دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد سے عالمی ریزرو کرنسی کے طور پر کام کیا ہے اور عالمی تجارت پر غلبہ حاصل کر رکھا ہے لیکن یوکرین پر روس کے حملے نے عالمی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور معیشت سے متعلقہ حکام امریکی ڈالر پر انحصار کے اصول سے انحراف کر رہے ہیں اور یہ بات ڈالر کے خلاف جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس کی وجہ سے کوئی انقلابی تبدیلی نہیں آئے گی کیونکہ ڈالر کی بالادستی ابھی بہت عرصے قائم رہے گی۔تاہم ایسا نہیں کہ اس رجحان (ڈالر کی بجائے سونے کو ترجیح) پر دھیان نہیں گیا ہے۔

مثال کے طور پر چین، انڈیا اور برازیل جیسی بڑی معیشتوں کے مرکزی بینک اپنے ذخائر میں موجود ڈالر کو تیزی سے سونے سے بدل رہے ہیں، اور یہ کام دوسری جنگ عظیم کے بعد کے دور میں دیکھی جانے والی تیز ترین شرح پر ہے۔

کچھ تجزیہ کاروں کا اس رجحان کی ابتدا کے بارے میں یہ کہنا ہے کہ یہ یوکرین پر حملے سے پہلے ہی شروع ہو چکا تھا لیکن زیادہ تر اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ جس آسانی کے ساتھ امریکہ نے روس پر پابندیاں عائد کی تھیں وہ اس کا نقطۂ آغاز تھا اور اس کے بعد اس رجحان میں تیزی آئی۔
امریکی بینکوں میں عالمی اجناس کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’مغربی ممالک نے سنہ 2022 کے یوکرین پر حملے کی وجہ سے کچھ اثاثے منجمد کر دیے، جس نے دنیا بھر کے مرکزی بینکوں کو قابل تبادلہ سونے کے ذخیرے کو مزید بڑھانے کے لیے ترغیب دی۔‘

ان کے مطابق عالمی معیشت ایک کثیر قطبی دنیا کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اور اس حوالے سے انھوں نے امریکی کرنسی کے سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر میں دو دہائیوں قبل تقریباً 70 فیصد سے گر کر آج 58 فیصد ہونے کی دلیل پیش کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’اس کی مثال روس ہے جو کہ اب دنیا کا سب سے زیادہ پابندیوں کا سامنے کرنے والا ملک ہے اور شاید اسی وجہ سے وہ حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ ڈالر پر انحصار کم کرنے کے ساتھ ساتھ سونے کے بڑے خریداروں میں سے ایک ہے۔‘یہ ردعمل سمجھ میں آتا ہے۔

امریکہ روس کے 300 ارب ڈالر کے ذخائر کو منجمد کرنے میں صرف اس لیے کامیاب رہا کیونکہ وہ ڈالر میں تھے۔ایسیڈ میں شعبہ اقتصادیات، مالیات اور اکاؤنٹنگ میں معاون پروفیسر عمر رشیدی کہتے ہیں کہ ’یوکرین کی جنگ کے نتیجے میں امریکی پابندیوں کے بعد کئی ممالک نے مستقبل میں ممکنہ پابندیوں کے حوالے سے (ڈالر پر اپنے) انحصار کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ اور اس چیز نے سونے اور چینی (کرنسی) کو ذخیرہ کرنے کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔‘

جیسا کہ دیکھا گیا ہے روس کے ساتھ تجارت کرنے والی نجی کمپنیاں بھی ممکنہ طور پر امریکی پابندیوں کا شکار ہوئی ہیں۔

سال کے آغاز سے سونے نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ رواں سال اب تک یہ قیمتی دھات ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔

سرمایہ کاری کی کمپنی جولیس بیئر میں تحقیق کے سربراہ کارسٹن مینکے کے خیال سے تیزی سے کثیر قطبی ہوتی دنیا بھی اس کی ایک وجہ ہے۔مینکے نے ایک مارکیٹ رپورٹ میں لکھا: ’ہم توقع کرتے ہیں کہ مرکزی بینک کی خریداری تیزی سے کثیر قطبی دنیا میں مضبوط بنے رہنے کے لیے ہے لیکن ہم یہ نہیں چاہتے کہ پچھلے سال کی ریکارڈ توڑ دوڑ جاری رہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’ہم ڈالر کو کم کرنے کے نقطہ نظر کے حامی نہیں ہیں، حالانکہ ہم مرکزی بینکوں کی طرف سے سونے کی خریداری کو بنیادی طور پر امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک پالیسی کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘

سینٹرل بینک سونا پسند کرتے ہیں کیونکہ ان سے یہ امید رکھی جاتی ہے کہ کرنسیوں اور بانڈز کے برعکس ہنگامہ خیز حالات میں اس کی قیمت برقرار رہے گی اور اس کی قدر و قیمت کسی جاری کنندہ یا حکومت پر منحصر نہیں ہے۔

سونا مرکزی بینکوں کو امریکی خزانے اور ڈالر جیسے اثاثوں سے الگ تنوع لانے کی بھی اجازت دیتا ہے۔جارج میسن یونیورسٹی میں شعبہ اقتصادیات کے پروفیسر لارنس ایچ وائٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’مرکزی بینکوں کے سونا جمع کرنے کی وجوہات مختلف ہوتی ہیں، لیکن شاید سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ انھیں اپنے ریزرو اثاثوں کو متنوع بنانے کی ضرورت ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’مثال کے طور پر چین سونا خرید رہا ہے اور ساتھ ہی امریکی خزانے کے اپنے بڑے پورٹ فولیو کا کچھ حصہ فروخت کر رہا ہے۔ ڈالر کے اثاثوں کے بجائے سونا رکھنا بھی ڈالر کی قدر میں کمی کے خطرے کو کم کرنے کا ایک طریقہ ہے۔‘

تاہم ’ڈالر بین الاقوامی ادائیگیوں کے لیے رائج کرنسی ہے، اور نہ ہی یورو کے اور نہ ہی یوآن کے اس کی جگہ لینے کا کوئی امکان ہے۔‘