صدر رام ناتھ کووند نے فلمی دنیا میں نمایاں کردار ادا کرنے پر نامور اداکار امیتابھ بچن کو اتوار کی شام دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا۔ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں انھیں یہ ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر امیتابھ بچن نے مزاحیہ لہجے میں کہا کہ "جب اس ایوارڈ کا اعلان کیا گیا تو، میرے ذہن میں ایک شک پیدا ہوا کہ آیا میرے لئے کوئی اشارہ ہے کہ بھائی صاحب ، آپ نے بہت کام کرلیا ہے ، اب گھر بیٹھ کر آرام کیجئے۔” لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ "ابھی بھی کچھ کام باقی ہے، جو مجھے مکمل کرنا ہے۔”
Delhi: Veteran actor Amitabh Bachchan receives Dadasaheb Phalke Award from President Ram Nath Kovind. pic.twitter.com/9Towgcgo9x
— ANI (@ANI) December 29, 2019
واضح رہے کہ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کی شروعات ہندوستانی سنیما کی عظیم شخصیت، دھندی راج گووند پھالکے کی یاد میں 1969 میں ہوئی تھی۔ حکومت ان لوگوں کا اعزاز دیتی ہے جنہوں نے فلمی دنیا اور اس کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس ایوارڈ کے تحت ایک سنہری کمبل اور 10 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی جاتی ہے۔
جہاں تک امیتابھ بچن کا سوال ہے، ان کی پہلی فلم 1969 میں ’سات ہندوستانی‘ آئی تھی۔ امیتابھ کو اصل شہرت پرکاش مہرا کی 1973 میں آئی فلم ‘زنجیر’ سے ملی۔ اس کے بعد انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اسی فلم سے امیتابھ بچن نے اینگری ینگ مین کی اپنی شبیہ قائم کی تھی۔ انہیں اگنی پتھ ، بلیک ، پا اور پیکو فلموں کے لیے چار قومی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ امیتابھ بچن کو2015 میں ملک کا دوسرا اعلی شہری اعزاز پدم وبھوشن سے بھی نوازا گیا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
