حیدرآباد8ستمبر(یواین آئی)شہر حیدرآباد کی مشہور درگاہ یوسفین ؒکے سابق متولی و سجادہ نشین فیصل علی شاہ کی لاش ان کے مکان میں پھانسی سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔پولیس نے بتایا کہ فیصل علی شاہ جو درگاہ سے متصل مکان میں ہی تنہا رہتے تھے،کی لاش کو ان کے ملازم نے آج صبح کمرہ میں لٹکتا ہوا پایا اور اس بات کی اطلاع فیصل علی شاہ کی بیوی مہناز علی شاہ کو دی۔
اطلاع ملتے ہی بیوی اور فیصل علی شاہ کی والدہ دونوں وہاں پہنچے۔فیصل علی شاہ کے ارکان خاندان نے پولیس میں اس واقعہ کی شکایت کی۔وہ صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ معاشی مسائل سے بھی دوچار تھے۔اس شکایت پر حبیب نگر پولیس وہاں پہنچی اور لاش کو پنچ نامہ کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے عثمانیہ اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کردیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا اور مختلف زاویوں سے اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔