ناندیڑ:نجی ٹور کے ذریعے حج 2026 کے لیے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کے لیے ہیلتھ چیک اَپ، میڈیکل فٹنس اور ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کیمپ سعودی وزارتِ صحت اور حکومتِ ہند کی جاری کردہ رہنما ہدایات کے مطابق منعقد ہوگا۔
یہ کیمپ منگل، 24 مارچ 2026 کو صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پرانا سرکاری دواخانہ، چھترپتی شیواجی مہاراج مجسمہ کے سامنے، آئی سی یو بلڈنگ کی پہلی منزل، وزیرآباد، ناندیڑ میں منعقد کیا جائے گا۔
عازمینِ حج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ کووِڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی طور پر لائیں۔ اس کے علاوہ میڈیکل فٹنس رپورٹ، بلڈ گروپ رپورٹ، شوگر اور بلڈ پریشر ٹیسٹ کی کاپیاں بھی ہمراہ رکھیں۔ جن افراد کا علاج جاری ہے وہ اپنی مکمل میڈیکل فائل، ضروری رپورٹس اور روزمرہ استعمال کی ادویات ساتھ لائیں۔
مزید برآں، عازمین کو ہیلتھ کارڈ، ایک پاسپورٹ سائز تصویر، آدھار کارڈ اور پاسپورٹ نمبر بھی فراہم کرنا ہوگا تاکہ ہیلتھ کارڈ کی تکمیل کی جا سکے۔
منتظمین کے مطابق یہ کیمپ صرف ایک دن کے لیے ہوگا اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ جو عازمین مقررہ دن شریک نہیں ہوں گے، ان کے میڈیکل، ویکسینیشن اور فٹنس کی ذمہ داری خود ان پر عائد ہوگی۔ تمام عازمین کو وقت کی پابندی کرنے اور کھانا کھا کر آنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میڈیکلی فٹ قرار دیے گئے عازمین کا ڈیٹا اسی دن حج انفارمیشن سسٹم پورٹل پر اپلوڈ کیا جائے گا۔
کیمپ کے حوالے سے مزید معلومات کے لیے حاجی شکیل احمد، تمبولی ٹورز اینڈ ٹریولز پرائیویٹ لمیٹڈ، ناندیڑ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ 📞 7507840000.اللہ تعالیٰ تمام عازمین کے حج کو قبول فرمائے۔ آمین 🤲