حج عمرہ گروپ آرگنائزرس کو زمرہ بندی کیلئے سالانہ ٹرن اوور کی شرط سے مستثنیٰ کرنے کی اپیل

Hajحیدرآباد 27جون(یواین آئی)حج عمرہ گروپ آرگنائزرس ایسوسی ایشن تلنگانہ نے مرکزی وزارت اقلیتی امور اوقاف و حج سے اپیل کی ہے کہ وہ پرائیویٹ حج عمرہ گروپ آرگنائزرس کی زمرہ بندی کے لئے لائسنس کے ساتھ سالانہ ٹرن اوور کی شرائط کو برخواست کردیں۔ میڈیا پلس آڈیٹوریم میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرزاق قمر نے کہا کہ مرکزی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے حج عمرہ آرگنائزرس کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اسٹار وَن زمرہ کے لئے 12سے زیادہ لائسنس اور 12سالہ تجربہ کے ساتھ سالانہ پانچ کروڑ روپئے کا ٹرن اوور لازمی ہے۔ زمرہ وَن کے لئے سات یا اس سے زائد لائسنس اور 7سالہ تجربہ کے ساتھ تین کروڑ روپئے کا ٹرن اوور اورزمرہ2 کے لئے سالانہ ایک کروڑ ٹرن اوور اور ایک سے سات عدد لائسنس اور اتنے ہی تجربہ کی کسوٹی مقرر کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن اور حج و عمرہ پر پابندی کی وجہ سے حج عمرہ گروپ آرگنائزرس کے کاروبار بُری طرح سے متاثر ہوئے ہیں اور انہیں ناقابل بیان حد تک نقصان ہوا ہے۔ مستقبل قریب میں بھی اس نقصان کی پابجائی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ چنانچہ مرکزی وزیر اقلیتی امور حج و اوقاف مختار عباس نقوی سے ایسوسی ایشن اپیل کرتی ہے کہ وہ حج عمرہ گروپ آرگنائزرس کے مسائل اور نقصانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمدردانہ اقدام کریں اور انہیں صرف لائسنس کی تعداد کی بنیاد پر زمرہ الاٹ کریں اور سالانہ ٹرن اوور سے مستثنیٰ کریں۔

عبدالرزاق قمر نے اس بات پر مسرت اور طمانیت کا اظہار کیا کہ حج2020 کی محدود حاجیوں کے ساتھ اجازت دی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت ہند کی وزارت اقلیتی امور حج و اوقاف کے اس فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا کہ تمام عازمین کی رقم بلاکسی کٹوتی کے واپس کی جائے گی۔ عبدالرزاق قمر نے اعلان کیا کہ حج عمرہ گروپ آرگنائزرس نے بھی اپنے تمام ارکان کو ہدایت دی ہے کہ عازمین حج کی جانب سے بکنگ کے موقع پر جمع کی گئی ٹوکن رقم یا مکمل فیس کی رقم کسی قسم کی رقم منہا کئے بغیر عازمین کی جانب سے حج 2020 کے لئے جمع کی گئی رقم واپس کردیں۔ اس پریس کانفرنس مسرس محمد مسیح الدین جوائنٹ سکریٹری، خازن جناب صالح الیاس دیانی، میر عادل علی اور شیخ محمود ارکان عاملہ بھی موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading