حافظ عارف انصاری کو جمعیت علماء مہاراشٹر کا آفس سیکریٹری نامزد کیے جانے پر میوا کی جانب سے شاندار اعزاز
تھانے ( آفتاب شیخ)
رابوڑی تھانے میں گزشتہ 28 برسوں سے طبی، تعلیمی و فلاحی میدان میں سرگرم مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (میوا) کے صدر حافظ محمد عارف انصاری کو جمعیت علماء مہاراشٹر کا آفس سیکریٹری نامزد کیے جانے پر میوا کی مجلس منتظمہ و مجلس شوریٰ کی مشترکہ میٹنگ میں پُرجوش انداز میں مبارکباد پیش کی گئی اور انہیں شال اوڑھا کر اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ میٹنگ انجمن خاندیش ہال، رابوڑی میں منعقد ہوئی، جہاں میوا سے وابستہ اراکین نے حافظ عارف کی نئی ذمہ داری کو ملت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ میوا، رابوڑی کی ایک فعال تنظیم ہے جو تمام مکاتب فکر کے سرکردہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر طبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے، اور ملی اتحاد کی ایک بہترین مثال بنی ہوئی ہے۔
گزشتہ 28 برسوں سے میوا کے ذریعے سینکڑوں ضرورت مند طلبہ کو تعلیمی امداد اور مستحق مریضوں کو طبی امداد و سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ میوا میڈیکل سینٹر کے مختلف شعبے بلا تفریق مذہب و ملت عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
حافظ عارف انصاری جمعیت علماء کے بھی سرگرم رکن ہیں، اور انہیں تنظیم میں کئی اہم عہدوں پر کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس وقت جمعیت علماء شہر تھانے کے صدر، جمعیت علماء ضلع تھانے کے جنرل سیکریٹری اور جمعیت علماء مہاراشٹر کے رکن عاملہ بھی ہیں۔
اس موقع پر میوا مجلس شوریٰ کے چیرمین و اسلامی دینی جماعت کے صدر اجمعین احمد شیخ، میوا کے نائب صدر و آئیڈیل ایجوکیشن سوسائٹی کے ٹرسٹی اسمعیل نیریکر، میوا و انجمن خاندیش کے جنرل سیکریٹری آفتاب شیخ، میوا کے خازن و انجمن خاندیش کے صدر سید عباس علی، میوا کے نائب صدور مقصود باپے و حمیداللہ شیخ، نائب سیکریٹری ضمیر احمد صدیقی، فاروق پٹیل، سید عثمان، اقبال شیخ، مزمل شیخ، سلیم گھاوٹے، رضوان شیخ، حافظ نثار چودھری سمیت کئی دیگر معزز اراکین نے شرکت کی اور حافظ عارف انصاری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
