رائے سین،21مئی. مدھیہ پردیش کے ضلع رائے سین میں جہیز کے مطالبے کی وجہ سے طیش میں آکر ایک لڑکی نے لڑکے کو جیل پہنچا دیا۔ بیگم گنج پولیس ذرائع نے بتایا کہ رائے سین سے 85 کلومیٹر دور بیگم گنج میں لڑکی نے جہیز کا مطالبہ کرنے والے لڑکےکو جیل بھیجوا دیا۔ الزام ہے کہ لڑکے والوں نے لڑکی کے اہل خانہ سے مارپیٹ کی اور لڑکی زخمی ہو گئی۔زخمی لڑکی کو بیگم گنج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پورے واقعہ کے بعد لڑکی نے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔ پولیس کے مطابق موضع بڈگوا سے بیگم گنج کے موضع جروآ میں بارات آئی تھی۔ گذشتہ رات کو ٹیکے کی رسم میں دولہے راجکمار کو سیتا کے اہل خانہ نے 10 ہزار روپیے دیے لیکن لڑکے والے50 ہزار روپیے کی ضد پر اڑ گئے۔ دلہن کے والد نےحیثیت نہ ہونے کی وجہ سے 50 ہزار روپیے دینے سے انکار کر دیا۔ اسی درمیان پیسے کے سلسلے میں دونوں فریق میں بحث کے ساتھ مارپیٹ بھی ہوئی۔بیگم گنج پولیس نے دولہن کی رپورٹ پر دولہے راج کمار اور اس کے والد بھگوان داس کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔