مہاراشٹر کانگریس کی جانب سے الیکشن کمیشن کو مکتوب
ممبئی: بی جے پی کی جانب سے انتخابی تشہیر کے لئے استعمال کئے جانے والے گانے ’ میں بھی چوکیدار ہوں‘ پر کانگریس نے اعتراض کیا ہے۔ اس تشہیری گانے کی ویڈیو میں وزیراعظم نریندرمودی کی جنگی ٹینک پر سوار تصویر کا استعمال کیا گیا ہے جو الیکشن کمیشن کی ہدایت کی خلاف ورزی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری توفیق ملانی نے الیکشن کمیشن کو مکتوب لکھ پر اس گانے کی ویڈیو پر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
توفیق ملانی نے الیکشن کمیشن سے اس معاملے کی آن لائن شکایت کی ہے۔ اپنی شکایت میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر بی جے پی کی جانب سے ’ میں بھی چوکیدار ہوں‘ کا گانابجایا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی سمیت بی جے پی کے دیگر عہدیداران نے یہ گانا ٹوئیٹ کیا ہے۔ اس گانے میں نریندرمودی جنگی ٹینک پر بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اسی طرح اس گانے کی ویڈیو میں ہندوستانی فوج کے جوانوں کو جنگ لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مرکزی الیکشن کمیشن کے ۹ مارچ2019کے سرکیولر کے مطابق سیاسی پارٹیوں کو تشہیر میں فوج اور اس سے متعلق علامتی تصاویر کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے باوجود ’ میں بھی چوکیدار ہوں‘ نامی گانے میں وزیراعظم جنگی ٹینک کے ساتھ دکھاتے ہوئے بی جے پی نے الیکشن کمیشن کی ہدایت کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ توفیق ملانی کا کہنا ہے کہ پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کے بعد کانگریس صدر ممبرپارلیمنٹ راہل گاندھی نے ملک کے تمام اقدام کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ ایک جانب کانگریس پارٹی ہندوستانی فوج کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑی تھی تو دوسری جانب ملک کے وزیراعظم فوج کے بہادری کاسہرا اپنے سر باندھنے میں مصروف رہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، دہشت گردانہ حملے جیسے کئی سنگین مسائل کو حل کرنے میں صریح طور پر ناکام حکومت اس طرح کے اشتہارات کے ذریعے فوج کی بہادری کا کریڈیٹ لینے کی کوشش کررہی ہے جو قابلِ مذمت ہے.