نئی دہلی، 13اکتوبر (یو این آئی) میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) اور یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یوجی سی) نے جامعہ ہمدرد انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سابق وائس چانسلر اور میڈیکل کالج کے ڈائرکٹر جنرل جی این قاضی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فوراً انہیں عہدہ سے برطرف کردےمیڈیکل کونسل اور یونیورسٹی گرانٹ کمیشن نے 26اگست 2019کو اپنے مکتوب میں جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر احتشام حسنین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی میڈیکل کالج میں عہدہ سنبھالنے کے لئے شیڈول ایک کم از کم تعلیمی لیاقت1998 اور ترمیمی 2017کے خلاف ہے اور مسٹر قاضی نے اس ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے۔ جس میں میڈیکل کی تعلیم اور زیادہ سے زیادہ عمر 70 سال کی شرط ہے اور مسٹر قاضی دونوں ہی شرطوں پر پورا نہیں اترتے ہیںکیوں کہ ان کی میڈیکل کی کوئی تعلیم نہیں ہے اور ان کی عمر اس وقت 73سال ہے۔
میڈیکل کونسل نے یہ بھی کہا کہ جب تک وہ مسٹر جی این قاضی کو نہیں ہٹاتے اس وقت تک جامعہ ہمدرد کے میڈیکل کالج میں پوسٹ گریجویٹ کی تعلیم کے لئے دی گئی درخواست پر کوئی توجہ نہیں دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مسٹر قاضی تین سال قبل وائس چانسلر کے عہدے سے ریٹائر ہوگئے ہیں اس کے بعد انہوں نے انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر ڈائرکٹر جنرل کا عہدہ سنبھال لیا اور اب تک میڈیکل کالج کے ڈائرکٹر جنرل کے عہدے پر براجمان ہیں۔ ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن سے کے ذریعہ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا۔
ذرائع نے دعوی کیاکہ ڈاکٹر یعقوب خرادی میڈیکل کالج کے ڈین اور پرنسپل تھے لیکن ا ن کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا اور یہاں تک کے ڈین کے اختیارات بھی مسٹر قاضی اپنے پاس رکھے ہوئے تھے۔ یوجی سی نے بھی سات جنوری 2019کی خط لکھ کر جامعہ ہمدرد انتظامیہ کو خط لکھ کر مسٹر جی این قاضی کے خلاف کارروائی کرکے 15دنوں میں رپورٹ دینے کو کہا تھا۔ دس جنوری 2018 کو پرنسپل نے میڈیکل کونسل آف انڈیا کو مسٹر قاضی کے بارے میں صورت حال سے آگاہ کردیا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا اور یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کی ہدایت کے باوجود اب تک مسٹر قاضی نے اپنے عہدے سے استعفی نہیں دیا ہے۔