جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریسیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) نے ایک بار پھر یو پی ایس سی امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جامعہ آر سی اے کے 31 طلباء نے اس مرتبہ یو پی ایس سی سول سروسز امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میں نوشین نامی طالبہ نے تو اپنی جگہ ٹاپ 10 میں بنا لی ہے۔ نوشین نے سول سروسز کے فائنل ریزلٹ میں نویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
نوشین گورکھپور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے۔ اس کے بعدنوشین نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سوشل ورک میں پوسٹ گریجویشن کیا۔ پوسٹ گریجویشن کے بعد انہوں نے سول سروسز کی تیاری کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے جامعہ آر سی اے میں داخلہ لیا۔ اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوشین نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں اور جامعہ کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی نے ان کی کامیابی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ یو پی ایس سی پاس کرنے والے کل 31 طلباء میں سے 11 لڑکیاں ہیں۔
واضح رہے کہ آر سی اے نے گزشتہ سالوں میں بھی یو پی ایس سی امتحانات میں اچھے نتائج دیے ہیں۔ شروتی شرما نے اسی اکیڈمی میں تعلیم حاصل کی تھی جنھوں نے سول سروسز امتحان 2021 میں آل انڈیا رینک 1 حاصل کیا تھا۔ رواں سال جامعہ آر سی اے کے کل 151 طلبا نے یو پی ایس سی امتحان میں شرکت کی۔ ان میں سے 71 طلبہ انٹرویو کے لیے پہنچے اور 31 طلبہ کا انتخاب کیا گیا۔
اپنے قیام کے بعد سے ابھی تک جامعہ آر سی اے سے سول سروسز اور دیگر مرکزی اور ریاستی سروسز میں 630 سے زیادہ طلباء کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جامعہ آر سی اے کے طلباء جنہوں نے یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے ان میں نوشین، نازیہ پروین، عاطف وقار، بورکر سریش، دیویانشی سنگلا، سید عادل، ہرشیتا شرما، فرحین اور پریرنا سنگھ شامل ہیں۔