مظفر پور (بہار)نکاح ، طلاق اور پھر محفل میں طمانچہ ، یہ اسکرپٹ فلمی لگتی ہے ، لیکن بہار کے مظفر پور میں یہ واقعہ حقیقت میں پیش آیا ہے۔ یہاں ایک نوجوان نے پنچایت کے دوران جیسے ہی اپنی بیوی کو تین طلاق کہا ، بیوی کرسی سے اٹھی اور شوہر کے گال پر ایک طمانچہ رسید کردیا۔ پنچایت نے دونوں کے درمیان بچاو کیا۔ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ مظفر پور کے سریا تھانہ کے بسیٹھا بازار میں پیش آیا۔ صاحب گنج گھانہ کے دھرہار کے رہنے والے محمد دلارے اور سریا کے بسنت پٹی کی رہنے والی سونی خاتون نے دو سال پہلے لو میرج کی تھی۔ نکاح کے کچھ ہی مہینے بعد دنوں کی درمیاں تلخی پیدا ہوگئی۔ دونوں کے درمیان ہرروز ہونے والے تنازع نے دونوں کے اہل خانہ کو پریشان کردیا۔جمعہ کو میاں بیوی کی موجودگی میں دونوں کے اہل خانہ نے پنچایت بلائی۔ پنچایت میں دونوں کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کی گئی ، لیکن صلح نہیں ہوسکی۔ شوہر نے پنچایت کے درمیان ہی اپنی بیوی کو جیسے ہی تین طلاق کہا ، بیوی کرسی سے اٹھی اور شوہر کے گال پر ایک طمانچہ رسید کردیا۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان پنچایت میں ہی مار پیٹ ہونے لگی۔