تھانے کے شہری مسائل پر رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کی سرگرم پیش قد می کمشنر سوربھ راؤ نے ہیرانندانی اسٹیٹ و لودھا کمپلیکس کے مکینوں ک ے مسائل حل کرنے کا تیقن دیا

تھانے کے شہری مسائل پر رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کی سرگرم پیش قدمی

کمشنر سوربھ راؤ نے ہیرانندانی اسٹیٹ و لودھا کمپلیکس کے مکینوں کے مسائل حل کرنے کا تیقن دیا

تھانے : (آفتاب شیخ)

تھانے میونسپل کارپوریشن میں مختلف کارکنوں کے مطالبات اور ہیرانندانی اسٹیٹ و لودھا ہاؤسنگ کمپلیکس کے رہائشیوں کے مسائل کے حل کے لیے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے نے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ سے ملاقات کی۔ کمشنر نے ان کے مطالبات پر مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔

نریش مہسکے نے نیشنل اربن ہیلتھ مشن کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی براہ راست بھرتی، ڈیٹا انٹری ورکرس کی کم تنخواہوں میں اضافہ، صفائی ستھرائی کے کارکنوں کے لیے کم از کم اجرت، ریٹائرڈ بلدیہ ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی، ہیرانندانی اسٹیٹ کے مکینوں کو شہری سہولیات فراہم کرنے اور لودھا ہاؤسنگ کمپلیکس کے انفراسٹرکچر مسائل جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ہیرانندانی اسٹیٹ فیڈریشن، لودھا کمپلیکس سوسائٹی کے عہدیداران اور بلدیہ افسران بھی موجود تھے۔

مہسکے نے کہا کہ نیشنل اربن ہیلتھ مشن کے تحت برسوں سے کام کرنے والے کارکنوں کو براہ راست بلدیہ کی مستقل سروس میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ 70 فیصد کارکن دس سال سے زیادہ مدت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس مطالبے پر کمشنر نے مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

اسی طرح 2015 سے 29 ملازمین صرف بارہ ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈیٹا انٹری آپریٹرز بھی شامل ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ صفائی ملازمین کے لیے بھی 15ویں مالیاتی کمیشن کے اصولوں کے مطابق اجرت بڑھانے کی سفارش کی۔

ہیرانندانی اسٹیٹ کے مکینوں کی شکایت ہے کہ ٹاؤن شپ کے نام پر انہیں شہری سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ کھیل کے میدان اور دیگر عوامی مقامات تک رسائی محدود کر دی گئی ہے۔ مہسکے نے اس معاملے میں ڈویلپر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اور شہری ترقیات کے محکمے کے سیکریٹری اسیم گپتا سے خط و کتابت کی ہدایت دی۔

لودھا پیراڈائز ہاؤسنگ کمپلیکس کے رہائشیوں نے بتایا کہ معمولی بارش میں نالے کا پانی عمارتوں کے تہہ خانے میں داخل ہو جاتا ہے، جس سے گاڑیوں کو نقصان ہوتا ہے۔ مکینوں نے کمشنر کے سامنے پریزنٹیشن پیش کر کے ڈیولپر کی غیر قانونی تعمیرات کی جانب توجہ دلائی۔ نریش مہسکے نے ڈی پی روڈ کو چار میٹر چوڑا کرنے اور مکینوں کو راحت دینے کا مطالبہ کیا۔

کمشنر سوربھ راؤ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تمام مطالبات پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور جلد از جلد ان کا حل نکالیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading