MPCC Urdu News 13 Oct 25

کسان پیکیج، قرض معافی اور لاڈکی بہن یوجنا پر بی جے پی۔مہایوتی حکومت نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، جواب طلب کیا جائے گا: رمیش چنی تھلا

انتخابی گھوٹالے پر کل کانگریس سمیت مختلف پارٹیوں کا وفد الیکشن کمیشن سے ملے گا، منسے کے تعلق سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی

کسانوں، مزدوروں اور عوامی مسائل پر حکومت کی ناکامی واضح ہو چکی ہے، کانگریس عوامی تحریک کے ذریعے جواب لے گی

سیاسی امور کمیٹی کے اجلاس میں مقامی انتخابات کی حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو، اتحاد کا فیصلہ مقامی سطح پر کیا جائے گا

نیشنلسٹ کانگریس کے ضلع صدر عبدالرشید عبدالعزیز کا کانگریس میں شمولیت، سینکڑوں حامیوں کے ساتھ پارٹی میں داخل

ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست میں آج ایک بڑا سیاسی ہنگامہ اُس وقت سامنے آیا جب آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج رمیش چنیتھلا نے بی جے پی۔مہایوتی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ بدترین دھوکہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے اعلان کیا گیا پیکیج دراصل ایک فراڈ ہے، جو پرانی اسکیموں کو نیا رنگ دے کر پیش کیا گیا۔ قرض معافی کے وعدے صرف انتخابی نعرے ثابت ہوئے۔ لاڈکی بہن یوجنا کے تحت 2100 روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر حکومت کے پاس فنڈ نہیں، اس لیے وہ دیگر محکموں کے بجٹ سے رقم نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

کانگریس کی ریاستی سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس آج ممبئی کے تاریخی تِلک بھون میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کی جبکہ اجلاس کی رہنمائی رمیش چنیتھلا نے کی۔ اس اہم میٹنگ میں قائدِ حزبِ اختلاف وجے وڈیٹٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن بالا صاحب تھورات، نانا پٹولے، مانک راؤ ٹھاکرے، نسی‍م خان، رکنِ پارلیمنٹ پرنیتی شندے، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائکواڑ، اے آئی سی سی سکریٹری بی۔ایم۔سندیپ، یو۔بی۔وینکٹیش، پرتھوی راج ساٹھے، امین پٹیل، ڈاکٹر کلیان کالے، نائب صدر گنیش پاٹل، موہن جوشی، وجاہت مرزا، سدھارتھ ہتیمبیڑے، یوتھ کانگریس کے صدر شیو راج مورے، اور انٹک کے صدر کیلاش کدم سمیت درجنوں مرکزی و ریاستی رہنما موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا کہ مہایوتی حکومت نے آدیواسی فلاح اور سماجی انصاف کے فنڈز کو لاڈکی بہن یوجنا کے لیے موڑ دیا ہے، جس سے پس ماندہ طبقات کی اسکیمیں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو فی ہیکٹر 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا، مگر حکومت نے معمولی امداد دے کر عوام کو دھوکہ دیا۔ یہ حکومت کسان دشمن، مزدور مخالف اور کارپوریٹ دوست پالیسیوں پر چل رہی ہے۔

چنیتھلا نے ریاست میں بڑھتی بے روزگاری پر بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بلند بانگ دعوے کیے تھے مگر ایک بھی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ بی جے پی۔مہایوتی حکومت محض انتخابی تشہیر کے لیے اسکیمیں بناتی ہے اور پھر انہیں سردخانے میں ڈال دیتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ریاست میں پھیلتی فرقہ وارانہ کشیدگی پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے تاکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کچھ عناصر مذہبی منافرت پھیلانے میں مصروف ہیں، مگر وزیر اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ خاموش تماشائی ہیں۔

انتخابی بدعنوانی کے سوال پر رمیش چنیتھلا نے کہا کہ راہل گاندھی نے ثبوتوں کے ساتھ انتخابی گھوٹالے کا پردہ فاش کیا ہے، مگر الیکشن کمیشن کی خاموشی تشویشناک ہے۔ کل کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں کا وفد الیکشن کمیشن سے ملاقات کرے گا تاکہ انتخابی بدعنوانی کے خلاف باضابطہ شکایت درج کی جا سکے۔ اس وفد میں بالا صاحب تھورات، ورشا گائکواڑ، شرد پوار گروپ کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا کے رہنما شامل ہوں گے۔

منسے (مہاراشٹر نونرمان سینا) کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر چنیتھلا نے وضاحت کی کہ منسے کے ساتھ کانگریس کی کسی بھی سطح پر بات چیت نہیں ہوئی۔ اتحادی پارٹیوں سے بھی اس موضوع پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس اپنے بل پر لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، البتہ کسی ممکنہ اتحاد کا فیصلہ مقامی سطح پر کیا جائے گا۔ اس سے قبل نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے جالنہ ضلع صدر عبدالرشید عبدالعزیز نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔ ان کا خیرمقدم رمیش چنیتھلا اور ہرش وردھن سپکال نے کیا۔ اس موقع پر اے آئی سی سی کے سکریٹری بی۔ایم۔سندیپ، رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر کلیان کالے، نائب صدر موہن جوشی، ایم۔ایم۔شیخ اور ترجمان اتل لونڈھے بھی موجود تھے۔

MPCC Urdu News 13 October 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading