تھانے کے رکن پارلمان نریش مہسکے کا دہلی میں سوچنا بھون کا دورہ
چیئرپرسن جسٹس رنجنا دیسائی سے صحافیوں کے مسائل پر گفتگو

تھانے (آفتاب شیخ) – تھانے سے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے نے پریس کونسل آف انڈیا کی پارلیمانی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے دہلی میں سوچنا بھون کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پریس کونسل آف انڈیا کی چیئرپرسن جسٹس رنجنا دیسائی سے ملاقات کی اور صحافیوں سے متعلق مختلف سوالات اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے سہولیات اور فلاحی اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ نریش مہسکے نے چیئرپرسن جسٹس رنجنا دیسائی کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد پریس کونسل آف انڈیا کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
ہمارے ملک میں صحافت کو جمہوریت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔ لاکھوں صحافی، ایڈیٹر، اخباری تنظیمیں اور نیوز چینل عوام تک سچ پہنچانے کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ صحافیوں کو درپیش مسائل، ان کے حقوق اور استحقاق پر توجہ دی جائے اور انہیں مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔
ایم پی نریش مہسکے نے ان تمام امور پر جسٹس رنجنا دیسائی کے ساتھ تعمیری اور بامقصد گفتگو کی اور صحافی برادری کے حق میں مثبت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔