تھانے میں وزیر گنیش نائیک کے جنتا دربار کو زبردست عوامی ردعمل
650 سے زائد شکایات موصول، شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے کے رگھوونشی آڈیٹوریم میں وزیر جنگلات و پالگھر ضلع کے سرپرست وزیر گنیش نائک کی قیادت میں منعقدہ جنتا دربار کو عوام کی جانب سے زبردست ردعمل حاصل ہوا۔ شہریوں نے مختلف مسائل پر 650 سے زائد شکایات درج کرائیں، جن میں سے کئی درخواستوں پر موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی گئی، جب کہ دیگر شکایات کو مقررہ مدت میں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
گنیش نائیک نے جنتا دربار میں موجود افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو فوری حل کریں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا تیزی سے ازالہ کریں۔ اس موقع پر بی جے پی کے ایم ایل اے سنجے کیلکر، سابق ایم پی سنجیو نائیک، ایم ایل سی نرنجن ڈاوکھرے، بی جے پی ضلع صدر سنجے واگھولے، ریاستی عہدیدار سندیپ لیلے اور مہایوتی کے دیگر سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر گنیش نائیک نے کہا کہ وہ 1995 سے مسلسل عوامی دربار منعقد کر رہے ہیں تاکہ عام شہریوں کی شکایات کو براہ راست سن کر ان کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، شیوسینا (شندے گروپ) اور این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے درمیان عظیم اتحاد کے تحت عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
کلیان-ڈومبیولی میں غیر قانونی عمارتوں کے مکینوں کو درپیش مشکلات پر بات کرتے ہوئے وزیر گنیش نائیک نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے عوام کو انصاف فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منگل کو ہونے والی کابینہ میٹنگ میں دیوا کی 54 غیر قانونی عمارتوں کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
عوام کی جانب سے شیو سینا (ادھو گروپ) کے دپیش مہاترے نے ایک میمورنڈم پیش کیا، جس میں کلیان-ڈومبیولی کے مکینوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ گنیش نائیک نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور جلد ہی کوئی حل نکالا جائے گا۔
وزیر گنیش نائیک نے کہا، "جنتا دربار شہریوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی کے برعکس مہایوتی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی قیادت میں ہم متحد ہو کر مہاراشٹر کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔"
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ درج کی گئی شکایات کا 15 دنوں کے اندر جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ جنتا دربار میں ان پر کی گئی کارروائی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے گی۔