،تھانے میں نہیں تھم رہی بارش
معمولات زندگی کے ساتھ ساتھ ٹریفک نظام بھی درہم برہم
دیوا میں نالے میں ڈوبنے سے ایک کی موت
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے، پالگھر، ممبئی میں بارش ایک بار پھر قیامت برپا کرتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔ لوگوں کی پریشانیاں جو گزشتہ ہفتے بارش رکنے کی وجہ سے کم ہو گئی تھیں، ایک بار پھر ان کے سر پر مصیبت منڈلانے لگی ہے۔ گزشتہ روز سے لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے تھانہ کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے کل بھی زوردار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس خبر سے مقامی لوگوں میں خوف اور گھبراہٹ کا عالم پیدا ہو گیا ہے۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے لوگوں کی معمولات زندگی تو درہم برہم ہوئی ہی ہے، ٹریفک نظام بھی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ کئی ٹرینیں بھی اس خراب موسم کی وجہ سے رَد یا ملتوی کی جا چکی ہیں۔ ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق بارش کی وجہ سے ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ریل نظام بھی درہم برہم ہے۔ ممبئی سے متصل تھانے کے ریلوے اسٹیشن کے ٹریک پر پانی بھر گیا ہے جس کے سبب کئی ٹرینیں اپنی مقررہ وقت پر نہیں چل پا رہی ہیں۔ ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کے سبب مسافروں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خبر لکھے جانے تک محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دن بھر میں 98.02 ایم ایم بارش گیارہ گھنٹوں میں درج کی گئی ہے اور اب تک کل 2503.81 ایم ایم بارش ہوئی ہے جبکہ سال 2018 میں آج دن تک 2688.34 ایم ایم بارش درج کی گئی تھی۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو کل81 شکایتیں موصول ہوئی جس میں ایک آگ لگنے، ایک گھر گرنے، ایک شارٹ سرکٹ، 12 درخت گرنے، ایک درخت کی شاخ گرنے، 7 درختوں کے خطرناک حالت میں ہونے، 45 نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے اورایک گھر کی چھت گرنے کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ ممبرا سے متصل دیوا کے سابے گاؤں میں گھروں میں پانی گھس جانے سے وہاں کے مکینوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہی تیس سالہ سمیت پنیت کی ڈی جے کمپاؤنڈ کے نالے میں گرنے سے موت ہوگئی۔ پالگھر کی سریا ندی بھی اپنی سطح سے اونچی بہہ رہی ہے کاسا اور وروتی گاؤں کو جوڑنے والے پل پر سے چار گائے پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ بہہ گئی جس میں سے ایک گائے کو بچالیا گیا ہے۔ اس درمیان تھانے ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پورے ضلع میں موسلادھار بارش ہورہی ہے اور ضلع بھر میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اسکول، کالجوں کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر کو بھی تعطیل جاری کردی 140 ایم ایم سے ذائد برسات ہونے کی وجہ سے نشیبی علاقوں سے پانی نہیں نکل رہا ہے اور دوپہر میں ہائی ٹائیڈ ہونے کی وجہ سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ موسلادھار بارش کے ذیادہ امکانات ہونے کی وجہ سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور تھانے ضلع کلکٹر نے این ڈی آر ایف کو ہر قسم کی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا ہے۔