تھانے (آفتاب شیخ)مہاراشٹر اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی منظوری کے ساتھ تھانے میونسپل کارپوریشن کے وارڈ ڈھانچے کے ڈرافٹ پلان کا اعلان کیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے بتایا کہ یہ ڈرافٹ منصوبہ عام شہریوں کے لیے دستیاب کرا دیا گیا ہے اور اس پر اعتراضات اور تجاویز 4 ستمبر 2025 تک درج کی جاسکتی ہیں۔
مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1949 کے سیکشن 5 (3) کی دفعات کے تحت طے کیا گیا ہے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن میں اراکین کی کل تعداد 131 ہوگی۔ وارڈوں کی مجموعی تعداد 33 مقرر کی گئی ہے، جن میں سے 32 وارڈ چار رکنی جبکہ ایک وارڈ تین رکنی ہوگا۔ وارڈوں کی تعداد اور ان کی سرحدوں کا تعین ڈرافٹ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرافٹ پلان کو اپنی ویب سائٹ پر شائع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ڈرافٹ پلان میونسپل ہیڈ کوارٹر پانچ پکھاڑی میں واقع آنجہانی نریندر بلاڑ ہال کی پہلی منزل پر بھی عوامی مشاہدے کے لیے آویزاں کیا گیا ہے۔ مزید برآں، ہر وارڈ کمیٹی کے دفتر میں بھی یہ ڈرافٹ پلان پیر سے جمعہ تک دفتری اوقات کے دوران شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔
جن شہریوں کو اس نوٹیفکیشن کے مطابق اعتراضات یا تجاویز پیش کرنی ہیں، وہ انہیں تحریری طور پر میونسپل کمشنر، ہیڈ کوارٹر کے شہری سہولیات مرکز یا متعلقہ وارڈ کمیٹی کے دفتر میں 4 ستمبر کو سہ پہر 3 بجے تک لازمی طور پر جمع کرائیں۔ کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ اس تاریخ کے بعد موصول ہونے والی تجاویز یا اعتراضات پر کوئی غور نہیں کیا جائے گا۔