تھانے میونسپل کارپوریشن کی ناقابلِ تجدید پلاسٹک کے خلاف مہم 10 02 دکانوں پر چھاپہ، 78 کلو پلاسٹک ضبط، 27,500 روپے جرمانہ

تھانے (آفتاب شیخ) ماحول دوست ہولی منانے کے پیش نظر تھانے میونسپل کارپوریشن نے ناقابلِ تجدید پلاسٹک کے خلاف مہم تیز کر دی ہے۔ اس مہم کے تحت تین پربھاگ سمیتی علاقوں – نوپاڑا، واگلے اسٹیٹ اور ماجیواڑا-مانپاڑا میں 1002 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جس میں 78 کلو ناقابلِ تجدید پلاسٹک ضبط کر کے 27,500 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔

میونسپل کارپوریشن کی آلودگی کنٹرول افسر منیشا پردھان کے مطابق، یہ مہم سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ وارڈ کمیٹیوں کے تعاون سے چلائی جا رہی ہے، اور دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

یکم اپریل 2024 سے 6 مارچ 2025 تک، مہاراشٹر آلودگی کنٹرول بورڈ اور تھانے میونسپل کارپوریشن کے آلودگی کنٹرول سیل کے نمائندوں نے ناقابلِ تجدید پلاسٹک پر پابندی نافذ کرنے کے لیے مہم چلائی۔ اس دوران مجموعی طور پر 4180 کاروباری اداروں کا دورہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2139 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک ضبط کیا گیا اور 13 لاکھ 56 ہزار 600 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

تھانے میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے یہ مہم مزید سخت کی جائے گی، اور ناقابلِ تجدید پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے کے لیے مستقل نگرانی جاری رہے گی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں