تھانہ رابوڑی کے بچوں کی انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے کے رابوڑی علاقے کے بچوں نے "تیسویں یورو ایشیا انٹرنیشنل ڈبلیو ایف ایس کے او اوپن کراٹے چیمپئن شپ" میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی تمغے حاصل کیے۔ یہ مقابلہ فروری ۲۰۲۵ کو "پریہ درشنی اسپورٹس کمپلیکس ملاڈ" میں ہنسی حسن محمد اسماعیل کی صدارت میں منعقد ہوا، یہ مقابلہ انتہائی اعلیٰ معیار کا تھا جس میں ایشیا بھر کے مختلف ممالک سے آنے والے ۸۰۰ سے زائد انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
رابوڑی کے سات ہونہار بچوں نے مختلف زمروں میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ زینب شکیل شیخ نے کاتا اور کومتے میں سلور میڈل، زوہیر عابد نے کاتا میں سلور اور کومتے میں گولڈ میڈل، علی خان نے کاتا میں کانسہ اور کومتے میں گولڈ میڈل، رزین رہیس وورا نے کاتا میں کانسہ اور کومتے میں سلور میڈل، ذاکر عابد نے کاتا میں کانسہ اور کومتے میں سلور میڈل، منال تابش عطار نے کومتے میں گولڈ میڈل اور حماد انیس خان نے کاتا اور کومتے میں کانسہ میڈل حاصل کیا۔
بچوں کی اس شاندار کامیابی پر ان کے والدین اور علاقے کے عوام نے دل کھول کر مبارکباد پیش کی۔ "ٹریڈیشن آف کراٹے اکیڈمی" کے سربراہ عابد شیخ اور روبینہ شیخ نے بھرپور محنت سے بچوں کو مقابلے کے لیے تیار کیا، جس کا نتیجہ یہ زبردست کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔ اکیڈمی نے ہمیشہ بچوں کو معیاری تربیت اور بہتر مواقع فراہم کیے ہیں۔ عابد اور روبینہ شیخ نے بچوں کی مزید رہنمائی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ان کے والدین کو بھی مبارکباد دی۔