بی جے پی یوتھ ونگ لیڈر کو گولی ماردی گئی

اندور: مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں اتوار کی صبح دو موٹرسائیکل سوار افراد نے بی جے پی یوتھ ونگ لیڈر کو گولی مارکرہلاک کردیا۔ 35 سالہ مونوکلیانے اندور میں بھارتیہ جنتایوامورچہ(بی جے وائی ایم) سٹی یونٹ کا صدرتھا۔ اسے کل رات دو بجے کے آس پاس جیل روڈ پر چمن باغ چوراہا کے قریب ایک دکان کے سامنے گولی ماری گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس رام اسنیہی مشرا نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کلیانے اور دیگر دو افراد وہاں پوسٹرس لگارہے تھے کہ ایک موٹرسائیکل پر دو افراد پہنچے اور انہوں نے کلیانے سے اس کا فون نمبر مانگا اور اتوار کے دن اس کے زیراہتمام نکلنے والی وہیکل ریالی کی تفصیلات دریافت کیں۔

موٹرسائیکل پرسوار ایک شخص نے کلیانے کے سینے میں گولی ماردی۔ مقتول کے دوستوں نے جب اپناردعمل ظاہرکرنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے ہوائی فائرنگ کی اور فرارہوگئے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ تین تا چارگولیاں چلیں۔
کلیانے کو قریبی ہاسپٹل لے جایاگیا‘ جہاں اسے مردہ قراردیاگیا۔ تحقیقات میں ارجن پتھروڈ اور پیوش پتھروڈ کا نام سامنے آیا ہے جن سے کلیانے کی پرانی دشمنی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کلیانے کے حامیوں نے ملزمین کے مکان میں توڑپھوڑکی جو شہر کے اوشاپاٹھک علاقہ میں مقتول کے مکان کے قریب ہی واقع ہے۔

انہوں نے گاڑیوں کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی۔ نظم وضبط کی برقراری کیلئے پولیس فورس تعینات کردی گئی۔ کلیانے مدھیہ پردیش کے وزیر کیلاش وجئے ورگیہ کا قریبی سمجھاجاتا تھا۔ کیلاش وجئے ورگیہ کے بیٹے وسابق رکن اسمبلی آکاش وجئے ورگیا نے مقتول کے مکان پہنچ کر واقعہ پر دکھ ظاہرکیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading