بی جے پی مہایوتی حکومت کی بدعنوانیوں کے سبب جھونپڑپٹی سے پاک م مبئی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا: سریش چندر راج ہنس

بی جے پی مہایوتی حکومت کی بدعنوانیوں کے سبب جھونپڑپٹی سے پاک ممبئی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا: سریش چندر راج ہنس
ممبئی کو شنگھائی اور سنگاپور بنانے کے دعوے کھوکھلے ثابت، حکومت کے پاس شہری ترقی کی کوئی پالیسی نہیں، محکمہ شہری ترقی صرف کمیشن اور فیصد خوری کا اڈہ بن چکا ہے
ممبئی: ممبئی کانگریس کے ترجمان اور میڈیا کوآرڈینیٹر سریش چندر راج ہنس نے بی جے پی مہایوتی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبئی عالمی معیار کا شہر ہونے کے باوجود جھونپڑپٹیوں کی وجہ سے بدنظمی اور بدحالی کا شکار ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ممبئی کو شنگھائی اور سنگاپور بنانے کے بڑے بڑے دعوے کرنے والی حکومت نے شہر کے محنت کش، مزدور اور غریب طبقات کو جھونپڑپٹی سے پاک ممبئی کا خواب دکھا کر صرف دھوکہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ شہری ترقی بدعنوانیوں کا مرکز بن چکا ہے اور اس کے ذریعے صرف حکومت کے قریبی افراد اور بااثر طبقے کے مفادات پورے کیے جا رہے ہیں۔ حکومت صرف سرمایہ داروں کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ غریب اور جھونپڑپٹیوں میں رہنے والے شہریوں کو مستقل اور باعزت رہائش فراہم کرنے میں مکمل بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
سریش چندر راج ہنس نے کہا کہ جھونپڑپٹی سے پاک ممبئی کے معاملے پر ہائی کورٹ کی جانب سے حکومت کو دی گئی سخت سرزنش دراصل حکومت کی ناکامی پر مہر ثبت کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے جھونپڑپٹی بازآبادکاری منصوبے نافذ کیے جا رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود شہر میں جھونپڑپٹیوں کی تعداد کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کے پاس شہری ترقی کے لیے کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں ہے اور تمام پالیسیاں صرف زمینوں پر قبضہ کرنے، بلڈروں کو فائدہ پہنچانے اور کمیشن خوری کے لیے بنائی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق بی جے پی مہایوتی حکومت عام شہریوں کے لیے نہیں بلکہ صرف بڑے سرمایہ داروں، جیسے اڈانی اور امبانی، کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے۔
راج ہنس نے مزید کہا کہ جھونپڑپٹی بازآبادکاری منصوبہ مکمل طور پر بلڈر نواز بن چکا ہے اور ممبئی کی قیمتی زمینوں پر قبضے کے لیے بلڈروں، سرکاری افسروں اور حکمراں پارٹی کے لیڈروں کا گٹھ جوڑ سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور مزدور طبقے کو صرف ووٹ کے لیے جھوٹے وعدے کیے جاتے ہیں، جبکہ حقیقت میں انہیں شہر سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی کو جھونپڑپٹی سے پاک بنانے کے نام پر غریبوں کی جھونپڑیاں منہدم کر کے وہاں بلند و بالا ٹاور تعمیر کیے جا رہے ہیں اور جھونپڑپٹیوں میں رہنے والوں کو شہر سے دور مضافاتی علاقوں میں دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے باوجود حکومت کی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی کیونکہ یہ حکومت بے حسی کی تمام حدیں پار کر چکی ہے اور اسے عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔

MRCC Urdu News 12 May 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading