بھیونڈی ( شارف انصاری ) :- بھیونڈی میں کانگریس کے 18 کارپوریٹروں کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے 6 سال کے لئے نااہل قرار دیا ہے. وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے سے یہاں کی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا ہے. واضح رہے کہ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے 47 کارپوریٹر تھے. تاہم 5 دسمبر 2019 کو ہوئے میئر کے انتخاب میں کانگریس کی امیدوار رشیکا راکا کو وہپ جاری کئے جانے کے باوجود کانگریس کے 18 کارپوریٹروں نے وہپ کی خلاف ورزی کی اور کونارک وکاس اگھاڑی کی امیدوار پرتھا والاس پائل کے حق میں ووٹ دیا۔
جس کی وجہ سے کارپوریشن میں کارپوریٹروں کی تعداد واضح اکثریت سے زیادہ ہونے کے بعد بھی کانگریس کی امیدوار ر یشیکا راکا کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔جس کے بعد سابق میئر جاوید دلوی نے مذکورہ 18 باغی کارپوریٹروں کے خلاف کوکن کمشنر کی عدالت میں پٹیشن دائر کی اور ان کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا.
جس کی سماعت کے بعد یہ کیس محکمہ شہری ترقیات کے پاس منتقل کر دیا گیا. اور وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے گزشتہ روز مذکورہ بالا 18 کارپوریٹروں کے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے انہیں 6 سال کے لئے نااہل قرار دے دیا ہے. سابق میئر جاوید دلوی نے اسے انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا شکریہ ادا کیا ہے. اس فیصلے سے کانگریس کے خیمے میں جشن کا ماحول ہے.
وہیں اس سلسلے میں باغی کارپوریٹروں سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہو سکا.