بھیونڈی ( ایس اے ):- عنقریب بقر عید کے موقع پر قربانی کے مسائل اور شہر کے عوامی مسائل کو لے کر بھیونڈی کانگریس شہر ضلع صدر شعیب گڈو کی قیادت میں پارٹی لیڈران کے وفد نے بھیونڈی میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا سے ملاقات کی اور انھیں اپنا تحریری مکتوب پیش کر تمام مسائل کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مذکورہ وفد میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین حلیم انصاری، ترجمان اقبال صدیقی، خواتین کانگریس کی صدر ریحانہ انصاری، یوتھ کانگریس کے صدر عرفات خان، نیشنل اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے صدر ریحان خان، INTUC کے صدر عنصر مومن، بلاک کے صدر طارق مومن، سوشل میڈیا کے صدر ذکی انصاری شامل تھے۔
میونسپل کمشنر پنکج آشیا کو سونپے گئے مکتوب میں کانگریسی صدر شعیب گڈو نے کہا ہے کہ عنقریب بقرعید کے تہوار کے موقع پر مسلم معاشرے کو جسمانی دوری (معاشرتی فاصلہ) اختیار کرتے ہوئے قربانی کرنے کی اجازت دی جائے ۔ نیز شہر کے تمام قربانی سینٹروں کا سروے کرنے کے بعد ان قربانی سینٹروں کی فوری مرمت اور صفائی کا کام فوری طور پر کیا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ فی الحال بھیونڈی شہر میں سڑک کی صورتحال انتہائی خستہ اور خراب ہے، مانسون کا آغا ز ہوچکا ہے۔ سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے ہیں، ان کی فوری مرمت اور درستی کی جائے۔ ندیوں کی خالص بلاکس لگا کر مرمت کی جانی چاہئے، آر سی سی روڈ کا کام نامکمل ہونے سے شہریوں کو زبردست پریشانی کا سامنا پڑ رہا ہے۔ اس نامکمل آر سی سی روڈ کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ شہر میں نکاسی آب کا کام صحیح اور مکمل طور سے نہیں کیا گیا ہے، اگر بہت زیادہ بارش ہوئی تو شہر کے متعدد علاقوں میں پانی بھر جائے گا، جس کی وجہ سے لوگوں کے جان و مال کا نقصان ہوسکتا ہے،
لہذا اس سے منسلک بڑے نالوں اور چھوٹے نالوں کی صفائی فوری طور پر کی جانی چاہئے۔شعیب گڈو نے کہا ہے کہ شہر میں بہت سے گٹروں کے اوپر چیمبر نہیں ہے، جس سے زیادہ بارش میں کھلے گٹروں میں لوگوں کے گرنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی گٹروں کے کھلے ہوئے مین ہول میں گرنے کی وجہ سے بہت سارے لوگوں کے ہاتھ پاؤں ٹوٹ چکے ہیں، ان حادثات میں لوگوں کی جان کا بھی خدشہ ہے اس لئے گٹروں کے چیمبرز کو فوری طور پر انسٹال کرنے کے لئے شہر کے کھلے گٹروں کا سروے کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ لائٹ ہے لیکن بہت سی سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹ بند ہے، شہر کی تمام سڑکوں کی اسٹریٹ لائٹوں کی مرمت کا کام ہونا چاہئے۔ شہر میں کوڑا کرکٹ کی بھاری مقدار موجود ہے، کوڑا کرکٹ نہیں اٹھایا جارہا ہے، بارش کے مہینے میں شہر میں ہر سال ملیریا ڈینگو کے مریض بڑھتے ہیں، اس سال ملیریا ڈینگو کے مرض سے بچنے کے علاوہ کورونا کی وبا بھی پھیلتی جارہی ہے۔اس لئے مچھروں کو مارنے کے لئے دوائی چھڑکنے اور فوگنگ کے ساتھ ہی کوڑا کرکٹ اٹھایا جانا چاہئے ۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شعیب گڈو نے کہا کہ میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نے ان کے ذریعے پیش کردہ تمام امور پر فوری کارروائی کا یقین دلایا ہے۔