ناندیڑ:29نومبر (ورق تازہ نیوز)مہاراشٹر کے ضلع امراوتی کے شہر بدنیرا میں 7‘8‘9ڈسمبر 2019ءکو عظیم تبلیغی اجتماع ہورہا ہے جس میںناندیڑ سمیت مہاراشٹر کے کئی اضلاع سے ہزاروںمسلمان شرکت کرنے والے ہیں ۔ محکمہ ریلوے کی اطلاع کے مطابق 6 ڈسمبر کو منماڑ ‘ناندیڑ ‘رائے گڑھ ‘امبیکاپور سے بدنیرا کےلئے خصوصی ٹرینیں چلیں گی جن میں سیٹ بُک کروانے کی سہولت دی گئی ہے ۔
ان اسپیشل ٹرینوں کے بارے میں وزیر ریلوے پیوش گوئل نے امراوتی کی رکن پارلیمان شریمتی نونیت روی رانا کو اپنے 28 نومبر کے مراسلے کے ذریعہ اطلاع دی ہے ۔ٹرینوں کے علاوہ مسلمان بسوں‘منی بسوں ‘ٹراویلس گاڑیوں ‘ کاروں وغیرہ سے بھی بدنیرا جتماع میںشرکت کرنے والے ہیں ۔ ناندیڑضلع میں تبلیغی جماعت کا نٹ ورک کافی پھیلا ہوا ہے چنانچہ ضلع کے ہر حلقہ سے منی بسوں کے ذریعہ شرکاءبدنیرا پہونچیں گے بدنیرا میںشرکاءکے قیام اور طعام کے معقول انتظامات کئے جارہے ہیں ۔حکومت مہاراشٹر اور مقامی سرکاری انتظامیہ بھی انتظامات میںتعاون دے رہا ہے۔
وشنوپوری ڈیم کے 12دروازے تبدیل کئے جائیں گے
ناندیڑ:29نومبر (ورق تازہ نیوز)ناندیڑشہر کے علاوہ گیارہ دیہاتوں کوپینے کاپانی سپلائی کرنے والے اور زراعت کیلئے پانی فراہم کرنے و الے وشنوپوری ڈیم کے بارہ دروازوں کوتبدیل کیاجارہا ہے اور آئندہ پندرہ دنوں میں کام کاآغاز ہوجائے گا۔ اس طرح کی اطلاع محکمہ آبپاشی نے دی ہے ۔گزشتہ روز ٹیم کے دروازہ نمبر 11 سے پانی کا رساو ہورہا تھا جسے رات گیارہ بجے روک دیاگیا ۔وشنوپوری ڈیم کے18 دروازوں میں دروازہ نمبر 11سے بدھ کی شب پانی بہہ رہاتھا اس بات کی اطلاع محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران و ملازمین کوملتے ہی اسکی مرمت کاکام شروع کردیا۔ رات تین بجے تک اسکی مرمت کا کام جاری رہا۔ ڈیم کے تمام دروازوں کی معیاد مکمل ہوگئی ہے ۔ اسلئے محکمہ آبپاشی کی ٹیکنیکل ٹیم نے دروازے تبدیل کرنے کا پروجیکٹ شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔چھ دروازے تبدیل کئے گئے تھے لیکن باقی کے دروازے بارش کی واپسی تاخیر سے ہونے کی وجہہ سے یہ کام مکمل نہیں ہوسکا۔اسلئے بقیہ 12دروازوں کوتبدیل کرنے کاکام آئند ہ پندرہ دنوں میں شروع کیاجائے گا۔جن میں سے چھ دروازوں کاساز وسامان اس مقام پر پہنچ گیا ہے ۔دیگر دروازے و ساز وسامان بھی منگوایاجارہا ہے ۔واضح رہے کہ گوداوری ندی پر 1989ءمیں وشنوپوری ڈیم کی تعمیر مکمل ہوئی تھی ۔اس ڈیم سے ناندیڑ شہر کے لاکھوں افراد کی پانی کی پیاس بجھائی جاتی ہے اسکے علاوہ دیگر 18 دیہاتوں کوبھی پانی کی سپلائی کی جارہی ہے ۔ وشنوپوری کی پانی کی گنجائش 83.55 لاکھ گھن میٹر ہے ۔ جبکہ ذخیرہ آب کی اونچائی 355میٹر ہے۔پروجیکٹ کےلئے اس وقت 169کروڑ11لاکھ روپے خرچ کئے گئے تھے ۔
درندہ صفت باپ کوموت تک عمرقید کی سزا
بھوکر:29نومبر (ورق تازہ نیوز)تعلقہ کی 14سالہ نابالغبیٹی کی عصمت ریزی کرنے والے ملزم باپ کو موت تک سزائے عمرقید کافیصلہ ضلع سیشن جج ایم ایس شیخ نے سنایا ہے ۔تفصیل کے مطابق متاثرہ نابالغ لڑکی کو اسکے ہی درندہ صفت باپ نے مکان میں ہی یکم مارچ 2019ئءکو اپنی ہوس کا شکار بنایاتھا۔حالانکہ ماںکے سامنے یہ سب ہواتھا لیکن وہ بھی خاموش تھی اسکے بعد لڑکی نے اسکول میں معلمہ اور صدر معلمہ کو اس واقعہ سے واقف کروایا۔ ا س معاملے میں لڑکی کے دادا نے پولس اسٹیشن میںشکایت درج کروائی ۔ ملزم باپ کے خلاف جنسی ہراسانی کامقدمہ در ج کردیاگیا ہے ۔اس معاملے میں پی ایس آئی پونم سوریہ ونشی نے اندرون 48 یوم مکمل تفتیش کی اور ملزم کے خلاف عدالت میںچارج شیٹ دائر کردی ۔عدالت میںلڑکی کابیان قلمبند کیاگیا۔ اس معاملے میں10لوگوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ملزم کو موت تک عمرقید کی سز ا اور 14ہزار500 روپے جرمانہ کی سزاسنائی گئی ۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں یہ بھی کہا کہ یہ واقعہ انسانیت و مقدس رشتہ کوداغدار کرنے والا ہے ۔سرکاری فریق کی حیثیت سے ایڈوکیٹ رمیش راجورکر نے اور پیروی آفیسر کی حیثیت سے پی آئی فیروزخان پٹھان وخاتون پولس کمل نے اہم رول ادا کیا ۔
ضلع پریشد کا5ڈسمبر کواجلاس عام
ناندیڑ:29نومبر (ورق تازہ نیوز)ناندیڑضلع پریشد کا خصوصی اجلاس جمعرات 5ڈسمبرکو دوپہر ساڑھے بارہ بجے آنجہانی یشونت راوچوہان سبھاگرہ ضلع پریشد ناندیڑ میں منعقد کیاگیا ہے ۔اسلئے متعلقین اس بات کانوٹ لیں ا س طرح کی اپیل سیکریٹری و ضلع پریشد کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر(پبلک ایڈمنسٹریٹیو) نے کی ہے ۔
موضع برہمپوری گوداوری ندی کے احاطہ میں دفعہ 144نافذ
ناندیڑ:29نومبر (ورق تازہ نیوز)موضع برہمپوری کے گوداوری ندی طاس کے احاطہ میںامن وامان کی برقراری میںکوئی خلل اندازی نہ ہو اسلئے فوجداری عمل کی1973کی دفعہ 144کے تحت ناندیڑ دیہی پولس اسٹیشن حدود کے ندی طاس کے احاطہ میں 26 ڈسمبر2019 تک حکم امتناعی نافذ کیاگیا ہے ۔اس ضمن میں ضلع جوڈیشیل آفس نے احکام جاری کئے ۔
مسابقتی امتحان تعلیم کیلئے 15ڈسمبر کو سلیکشن ٹیسٹ امتحان
ناندیڑ:29نومبر (ورق تازہ نیوز)سیتوسمیتی ناندیڑ کے زیراہتمام جاری مسابقتی امتحان تعلیمی مرکز میں یو پی ایس سی اور ایم پی ایس سی تیاری کرنے کیلئے داخلے سال 2019-20 تعلیمی سال کیلئے دئے جارہے ہیں جس کاسیلکشن ٹیسٹ امتحان 15ڈسمبر کو صبح ساڑھے دس تا دوپہر بارہ بجے تک رکھاگیا ہے ۔اس امتحان کیلئے امیدواروں کو کسی بھی برانچ سے ڈگری حاصل کرنا ضروری ہے ۔خواہشمند و اہل امیدوار 2تا9 ڈسمبر تک nanded.gov.in ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دہی کرسکتے ہیں ۔امتحان کی فیس دو سو روپے ہے اور2تا10ڈسمبرتک صبح دس تا شام پانچ بجے تک لائبریرین مسابقتی امتحان اسٹیڈی سنٹر ‘احاطہ اسٹیڈیم ناندیڑ میں جمع کریں ۔