ڈھاکہ :بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ بنگلہ دیش میڈیا کے مطابق 36 سالہ مشرفی مرتضی نے خود کو گھر پر آئسولیٹ کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں نئے کورونا وائرس کے پہلے تین کیسز کی تصدیق مارچ میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے اب تک وہاں 88 ہزار سے زائد شہری اس مہلک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ یہی وائرس تیرہ جون تک 1100 سے زائد بنگلہ دیشی باشندوں کی جان لے چکا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس پہلی مرتبہ گزشتہ برس دسمبر میں ووہان کی جانوروں کی مارکیٹ میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سخت لاک ڈائون کی بدولت چین وائرس پر قابو پانے میں کامیاب رہا تھا ۔دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے اور اب دنیا بھر میں وبا کے کیسز کی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے جبکہ 4 لاکھ 37 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔