ناندیڑ:9؍ڈسمبر(ورق تازہ نیوز)آج ندیڑ کےقدیم مونڈھا علاقے میں رات تقریباً دس بجے ایک معروف تاجر کی 35 لاکھ روپے نقدی سے بھری بیگ چوری ہونے کی سنگین واردات پیش آئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے معاملے کی باریک بینی سے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ اعلیٰ افسران بھی موقعِ واردات پر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق تیل کے تاجر وِنائیک پارسےوار اپنی دکان بند کر کے گھر جا رہے تھے کہ اچانک ان کی کار کا ٹائر پنکچر ہوگیا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کار چوروں نے ہی جان بوجھ کر پنکچر کی تھی۔ ٹائر پنکچر ہونے پر جیسے ہی پارسےوار گاڑی سے باہر آئے، دو موٹر سائیکل سوار چوروں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی میں رکھی نقدی سے بھری بیگ اٹھالی اور فرار ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی مختلف ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں۔
علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔واقعے کی خبر ملتے ہی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار، ناندیڑ شہر کے ایس ڈی پی او رامیشور وینجنے، اور وازیرآباد تھانے کے پولیس انسپکٹر پرمیشور قدم سمیت متعدد پولیس افسران موقع پر پہنچے۔اس واردات کے بعد شہر کے تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور تجارتی حلقوں میں شدید بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔