اسلام آباد :پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے تین کھلاڑیوں حیدر علی، شاداب خان اور حارث رؤف میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔ تینوں کھلاڑیوں کا ٹیسٹ اتوار کو ہوا تھا جس کی رپورٹ اب سامنے آئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ کرکٹر حیدر علی، شاداب خان اور حارث رؤف کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
ٹیسٹنگ سے قبل ان کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں ۔
پی سی بی کے مطابق ان تینوں کھلاڑیوں کو سیلف آئسو لیشن میں جانے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کھلاڑیوں سے رابطے میں رہے گا۔
عثمان شنواری اور عماد وسیم کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔