نئی دہلی 12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی حق ملکیت مقدمہ کی جلد سماعت کرنے کی استدعا والی درخواستوں کو مسترد کردیا ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس ایس کے کول پر مشتمل ایک بنچ نے کہا کہ اس اپیل کی سماعت پہلے ہی ایک مناسب بنچ کے روبرو ماہ جنوری کرنے کا تہئیہ ہوچکا ہے ۔ بنچ نے اس کیس کی جلد سماعت کرنے وکیل بارون کمار سنہا کی درخواست کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس اپیل پر پہلے ہی سماعت طئے ہوچکی ہے ۔ اس پر حکمنامہ جاری ہوچکا ہے لہذا اس درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے ۔ سنہا نے اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے یہ درخواست پیش کی تھی ۔ سپریم کورٹ نے قبل ازیں بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی اراضی تنازعہ کے مقدمہ کی سماعت ماہ جنوری کے پہلے ہفتے میں مقرر کی تھی اور کہا تھا کہ ایک مناسب بنچ پر اس کی سماعت ہوگی ۔ جب یہ مسئلہ بنچ سے رجوع ہوگا وہی بنچ اس کی سماعت کے تعلق سے فیصلہ کریگی ۔ سالیسیٹر جنرل تشار مہتا اور سینئر وکیل سی ایس ویدیا ناتھن نے حکومت یو پی کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے خواہش کی تھی کہ ان اپیلوں کی جلد سماعت کی جائے کیونکہ یہ مسئلہ پہلے ہی ایک طویل عرصہ سے زیر التوا ہے ۔