
ممبئی ۔27۔جولائی ۔(ورق تازہ نیوز )حکومت مہاراشٹر کے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ ممبئی کی جانب سے روزنامہ ورق تازہ کے ایڈیٹر محمد نقی شاداب کو سال 2018 برائے اردو صحافتی خدمات کے لئے ریاستی مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ ریاست کے وزیر اعلی جناب دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔آج 27جولائی بروزہفتہ کو سہ پہر چار بجے یشونت راو چوہان سبھا گرہ نزد منترالیہ میں منعقدہ ایک اعلی سطحی جلسہ تقسیم انعامات میں شہر اور بیرونی شہر سے بڑی تعداد میں عوام، صحافیوں سرکاری افسران نے شرکت کی۔صحافتی ایوارڈ 51 ہزار روپے کا چیک، مومنٹو اور توصیفی سند پر مشتمل ہے۔اسی جلسہ میں 26۔سینئر صحافیوں کو اعزازی امداد کے طور پر گیارہ ہزار روپے کے چیک بھی پیش کئے گئے۔یہ رقم ان صحافیوں کو ہر ماہ ادا کی جائے گی۔