لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے تین مہینوں کے اندر آسمان کو چھونے والے رام مندر کی تعمیر کا اعلان کرنے کے بعد اب اس بات کے کامل امکانات ہیں کہ اسی مہینے کے آخر تک رام مندر کی تعمیر کے لئے قائم کئے جانے والے ٹرسٹ کا اعلان کردیا جائے۔
ذرائع کے مطابق رام مندر ٹرسٹ کے قیام کے لئے مرکزی وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تمام لوازمات کو مکمل کرلیا ہے اور اس مہینے کے آخر تک اس کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔
گذشتہ 9 نومبر 2019 کو سپریم کورٹ نے رام مندر۔بابری مسجد متنازع اراضی ملکیت معاملے میں رام مندر کی حمایت میں فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی حکومت کو رام مندر کی تعمیر کے لئے تین مہینوں کے اندر ایک ٹرسٹ کے قیام کی ہدایت دی تھی۔اگرچہ اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا تھا کہ ٹرسٹ کا ممبر کون ہوگا لیکن ذرائع کے مطابق متعدد سینئر سادھو جو رام مندر تحریک میں کافی متحرک تھے انہیں ٹرسٹ میں جگہ دی جاسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے بنائے جانے والا یہ ٹرسٹ 11 اراکین پر مبنی ہوگا جو سینئر سادھوں کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ،یوپی گورنر آنندی بین پٹیل ،وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ پریاگ راج کے ڈی ایم انج کمار جھا پر مشتمل ہوگا۔
گذشتہ کل وزیر داخلہ امت شاہ نے لکھنؤ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرسٹ کا جلد ہی اعلان کیا جائے گااور تین مہینے کے اندر رام مندر کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو