ممبئی11اکتوبر (یواین آئی ) مرکزی وزیربرائے اقلیتی امور وحج مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ اقلیتیوںاور خصوصاً مسلمانوں کو این آرسی جیسے قانون سے خوزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ این آرسی قانون صرف غیرملکیوں کے خلاف ہے۔جبکہ مسلمان اس ملک میں صدیوںسے آباد ہیں اور ان کے آبادواجداد بھی یہیں سے تعلق رکھتے ہیں۔
جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقے بھنڈی بازارمیں کھتری جماعت خانہ ہال میں بی جے پی امیدواروں کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ مسلمانوں کے آبادواجدادیہیں سے تعلق رکھتے ہیں اور مسلمانوں کو یہاں سے کوئی نکال نہیں سکتا ہے۔یہ قانون ان لوگوں کے خلاف ہے ،جن کے پاس ہندوستان کی شہریت کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور نہ ہی ان کا اس ملک سے کوئی تعلق رہا ہے۔اس جلسہ سے بی جے پی ترجمان اتل شاہ اور مقامی لیڈرشکیل قاضی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
انہوںنے کسی سیاسی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ چند سیاسی پارٹیاں اس معاملہ میں اقلیتی فرقے کو گمراہ کررہی ہیں اورنقوی نے وزیراعظم نریندرمودی کے سب کا ساتھ سب کا وکاس جیسے نعرہ کا حوالہ دیا جس کے تحت سبھی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں