ایمان میں پختگی پیدا کرو، کرامتوں کا انتظار مت کرو تھانے میں عرس اعلیحضرت اور 15 سو سالہ جشن میلادالنبی ﷺ کے پروگراموں کا آغاز

تھانے (آفتاب شیخ)‘اعلیحضرت کسی کرامات کا نام نہیں بلکہ استقامت، جرات اور دلیری کا نام ہے’’۔ ان خیالات کا اظہار بلغاریہ سے تشریف لائے معروف عالم دین مولانا ڈاکٹر انوار احمد بغدادی نے تھانے کے سنی سرکل کی اشرفیہ مسجد میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج امت کرامات کی تلاش میں لگی ہوئی ہے، مگر یہ بات ذہن نشین رہے کہ کرامات کا ظہور ہمیشہ نہیں ہوتا۔ موجودہ وقت میں سب سے بڑی ضرورت ایمان کو مضبوط کرنے، استقامت اور دلیری پیدا کرنے کی ہے۔

اس موقع پر دارالعلوم محبوب یزدانی کے ناظم اعلیٰ سید تفضیل اشرف، ڈاکٹر اصغر مقادم، مولانا صغیر برکاتی، مسجد اشرفیہ کے خطیب و امام مولانا سلیم نوری، مولانا ذوالفقار، حافط عرفان، حافظ نسیم، قاری طارق نجمی، مولانا جمیل قادری، اکبر مقادم، نثار سیفی، معین مقادم، مقہر چودھری، مبین ملا، عمار سید، وجہل خان، شاہ رخ خان اور دیگر رضاکار موجود تھے۔

عرس اعلیحضرت کے موقع پر رابوڑی، تھانے میں اپنے خطاب کے دوران مولانا انوار احمد بغدادی نے کہا کہ آج کے حالات میں علم حاصل کرنے اور ایمان کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیحضرت امام احمد رضا کے دور میں بھی فتنوں کا سیلاب تھا، جس طرح آج ہم مسائل و مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں امام احمد رضا کی قلمی خدمات اور ان کی ہدایات آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، شرط یہ ہے کہ ہم ان کا مطالعہ کریں اور ان پر عمل کریں۔

اس دوران پروگرام کے آرگنائزر ڈاکٹر اصغر مقادم نے بتایا کہ آج یہاں دو پروگرام منعقد ہوئے، ایک عرس اعلیحضرت اور دوسرا 15 سو سالہ جشن میلادالنبی ﷺ کے پروگرام کا آغاز، جس میں گلوبل درود شریف کا خصوصی پروگرام رکھا گیا ہے اور اسے اسکینر کے ذریعہ درج بھی کیا جائے گا۔ ساتھ ہی سنی دعوت اسلامی کی جانب سے اسکالرشپ کی فراہمی، تعلیمی قرض، جاب فیئر جیسے دیگر فلاحی و رفاہی پروگرام بھی شروع کئے جائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading