بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایران کے علاقے ڈارخوین میں زیرِ تعمیر مجوزہ جوہری بجلی گھر کی تعمیراتی سائٹ پر رات گئے ہونے والے مبینہ حملے کی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ تاہم ایران نے زیرِ تعمیر ڈارخوین جوہری بجلی گھر پر امریکی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
آبادان کے مضافات میں میزائل حملے کی اطلاع، خوزستان حکام کا دعویٰ
ایران کے صوبے خوزستان کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبادان کے مضافاتی علاقے میں امریکہ کی جانب سے میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز نے خوزستان کے ڈپٹی گورنر برائے سکیورٹی و قانون کے حوالے سے بتایا کہ ’اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
اس خبر کے نشر ہونے سے چند منٹ قبل ایرانی نشریاتی ادارے آئی سی سی نے اطلاع دی تھی کہ آبادان میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ صحت کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ حسین کرمان پور نے ایکس پر لکھا ہے کہ ’18 جولائی کی صبح سات بجے تک امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں 517 افراد زخمی اور 50 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ زخمیوں میں 35 خواتین اور 19 افراد کی عمریں 18 سال سے کم تھیں، جبکہ ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین اور دو کم عمر بچے شامل ہیں۔حسین کرمان پور نے مزید کہا کہ ’468 افراد کو علاج کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ 33 افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں۔‘