اہم خبریں: جامعہ طلباء پر بربریت، سپریم کورٹ کا دخل دینے سے انکار!

جامعہ طلباء پر بربریت، سپریم کورٹ کا دخل دینے سے انکار، ہائی کورٹ جانے کی ہدایت

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مظاہرہ کرنے والے اسٹوڈنٹس کے ساتھ پولس کی زیادتی معاملہ میں براہ راست مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو متعلقہ ہائی کورٹوں میں جانے کا منگل کو ہدایت دی۔

چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے، جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس سوريہ كانت کی بنچ نے تمام درخواست گزاروں اور مرکزی حکومت کی دلیلیں سننے کے بعد براہ راست کوئی تفتیشی کمیٹی قائم کرنے سے انکار کر دیا اور تمام درخواست گزاروں کو متعلقہ ہائی کورٹوں کے سامنے جانے کو کہا۔

بنچ نے کہا کہ متعلقہ ہائی کورٹ درخواست گزاروں اور مرکز اور متعلقہ ریاستی حکومتوں کا موقف سننے کے بعد فیصلہ کرے گا کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے رٹائرڈ جج کی قیادت میں تحقیقات کمیٹی قائم کی جائے یا نہیں؟

پاکستان: سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے غداری معاملہ میں سزائے موت

پاکستان کے سابق فوجی سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے غداری کے ایک معاملہ میں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ پاکستان کی ایک خصوصی عدالت نے انھیں یہ سزا سنائی۔ واضح رہے کہ 3 نومبر 2007 کو ایمرجنسی کی حالت کے لیے مشرف پر دسمبر 2013 میں ملک غداری کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ مشرف کو 31 مارچ 2014 کو قصوروار ٹھہرایا گیا تھا اور آج اس معاملے میں سزا سنائی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ پرویز مشرف 2016 سے پاکستان سے باہر ہیں۔ وہ اس وقت دوبئی میں مقیم ہیں۔ پرویز مشرف دل کی بیماری سے نبرد آزما ہیں اور انھیں 3 دسمبر کو دوبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔


اگر طلبا کے سوالوں کو دبایا جا رہا ہے تو سمجھ لیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے: کمل ہاسن

مکل ندھی میّم پارٹی کے بانی کمل ہاسن نے آج ایک پریس کانفرنس کیا جس میں جامعہ ملیہ اسلامیہ اور اے ایم یو میں پولس کارروائی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’نوجوانوں کو سیاسی طور پر بیدار ہونا پڑے گا۔ انھیں سوال پوچھنا چاہیے۔ اگر ان کے سوالوں کو دبا دیا جاتا ہے تو سمجھ لیجیے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔ میں ایک اسٹوڈنٹ ہوں (اپنے شعبہ میں) میں ان کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔‘‘


رنویر سنگھ کی فلم ’گلی بوائے‘ آسکر ایوارڈ کی ریس سے باہر

ہدایت کار زویا اختر کی فلم ’گلی بوائے‘ آسکر کے بیسٹ انٹرنیشنل فلم کیٹگری کے لیے منتخب کی گئی 10 فلموں میں جگہ نہیں بنا پائی۔ ’گلی بوائے‘ سے اس بار ہندوستان کو کافی امیدیں تھیں۔ رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی اس فلم نے ہندوستان کی طرف سے 92ویں آسکر ایوارڈ میں آفیشیل انٹری حاصل کی تھی۔ سای سال فروری میں ریلیز ہوئی یہ فلم ’مراد‘ نام کے ایک ایسے لڑکے کی کہانی تھی جو ممبئی کی جھگی بستیوں سے نکل کر ریپنگ کرتا ہے اور اس دنیا میں اپنا نام کماتا ہے۔ یہ فلم ہندوستان میں کاروباری اعتبار سے بھی کافی کامیاب ثابت ہوئی تھی۔


بہار: پٹنہ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ’لاپتہ‘ ہونے کا لگا پوسٹر

شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی معاملہ پر احتجاجی مظاہروں کے درمیان بہار کی راجدھانی پٹنہ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے نام پر بنے کئی دلچسپ پوسٹر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ان پوسٹرس میں انھیں لاپتہ بتایا گیا ہے اور کچھ پوسٹرس میں لکھا گیا ہے کہ ’’دھیان سے دیکھیے اس چہرے کو، کئی دنوں سے نہ دکھائی دیا نہ سنائی دیا۔ تلاش کرنے والوں کا بہار ہمیشہ شکرگزار رہے گا۔‘‘


نربھیا معاملہ میں مجرم کی نظرثانی عرضی پر سماعت آج

نربھیا معاملہ کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے اور اب ان کی نظرثانی عرضی پر سپریم کورٹ آج سماعت کرنے والا ہے۔ سماعت سے قبل اجتماعی عصمت دری کی شکار نربھیا کی ماں نے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا، کیونکہ ہمارے پاس کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر کلدیپ سینگر (اناؤ عصمت دری کے قصوروار) اور نربھیا کے 4 قصوروار کو سزا ملتی ہے تو اس کا مضبوط پیغام سماج کے درمیان جائے گا۔‘‘


جامعہ تشدد کیس میں پولس نے مجرمانہ پس منظر والے 10 لوگوں کو کیا گرفتار

دہلی پولس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ واقعہ کے سلسلے میں مجرمانہ پس منظر والے 10 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ فی الحال کسی بھی طالب علم کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔


اہم خبر: متنازعہ شہریت قانون معاملہ میں آج اپوزیشن لیڈروں کی صدر جمہوریہ سے ملاقات

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پورے ملک میں احتجاج و مظاہرہ جاری ہے۔ اس درمیان آج اپوزیشن لیڈران صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کریں گے۔ اپوزیشن مودی حکومت پر حملہ آور ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ قانون فرقہ واریت پر مبنی ہے، اسے مرکزی حکومت واپس لے۔

اپوزیشن پارٹی کے لیڈر شام 4.30 بجے صدر جمہوریہ سے ملاقات کریں گے۔ اس دوران اپوزیشن پارٹیوں کے سبھی اہم لیڈران موجود رہیں گے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading