آئی ایس آئی ایس سے تعلق کا الزامٗ گرفتارافرادکا مقدمہ نا ندیڑ سے ممبئی عدالت میں منتقل

ناندیڑ:13؍نومبر (ورقِ تازہ نیوز)پربھنی سے آئی ایس آئی ایس سے تعلق کے الزام میں گرفتار ناصر یافعی و دیگر کا مقدمہ نا ندیڑ کی خصوصی عدالت سے ممبئی این آئی اے خصوصی عدالت میںمنتقل ہو چکا ہے ،کیس کے سماعت کی تیاریاں جاری ہیں،اس مقدمہ کی سماعت آئندہ 26؍ نومبر کو ہونے کی توقع کی جا رہی ہے ،یہ اطلاع آج یہاں اس مقدمہ کو مفت قا نونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے دی ہے۔واضح ہو کہ پربھنی سے داعش سے تعلق کے الزام میں گرفتار کئے گئے ناصر یافعی پر مہاراشٹر اے ٹی ایس نے یو اے پی اے کے تحت معاملہ درج کیا تھا،اس مقدمے کی پیروی جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے سینئر کریمنل وکیل ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان کرہے ہیں۔ ان کے مطابق ملزم پر جس قانون کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں وہ سینٹرل گورنمنٹ کے بنائے ہوئے ہیں، ایسے میں اس مقدمے کے تعلق Cognizance ( مقدمے کے بارے میں یہ فیصلہ لینا کہ واقعی یہ جرم وقوع پذیر ہوا ہے اور یہ قابلِ سماعت ہے یا نہیں) لینے کا اختیار بھی انہیں عدالتوں کو ہے جو یو اے پی اے قانون کے تحت مرکزی یا ریاستی حکومت کے ذریعے خصوصی طور ایسے مقدمات کے لئے قائم کئے گئے ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے اس پورے معاملے میں ملزم کی گرفتاری کے بعد سے یو اے پی اے قانون کے تحت دی گئی واضح ہدایتوں کی خلاف ورزی کی گئی اور ملزم کو ریمانڈ سے لے کر فردِ جرم عائد کئے جانے تک اس کورٹ میں پیش کیا جاتا رہا جسے اس مقدمے کی Cognizance لینے کا ہی اختیار نہیں ہے۔جب یہ مقدمہ ناندیڑ کے سی جے ایم کی عدالت میں زیرسماعت تھا تو ہم نے عدالت سے نہ تو ضمانت کی درخواست کی اور نہ ہی ملزم کو رہا کرنے کی، البتہ ہم نے اس مقدمے کی قانونی پہلوؤں پر عدالت سے غور کرنے کی درخواست کی تھی کہ جب یو اے پی اے کے مقدمات کے سماعت کا اس عدالت کواختیار ہی نہیں ہے تو پھر کس بنیاد پر اس کی سماعت کی جارہی ہے ، لہٰذا مقدمے کو خارج کیا جائے اور ایسی عدالت میں اس کی سماعت کی جائے جسے اس مقدمے کی سماعت کا اختیار مرکزی حکومت کی جانب سے دیا گیا ہے۔ان نکات پر مشتمل پٹیشن سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس وجہ سے فی الفور سماعت شروع ہو نا ممکن نہیں ،ہمارے قانونی نکات سپریم کورٹ میں قبول ہو نگے اور تمام ملزمین کو انصاف ملے گا۔ جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے کہا کہ جمعیۃ لیگل ٹیم کی کو ششوں سے یہ مقدمہ نا ندیڑ سے ممبئی خصوصی این آئی اے عدالت منتقل ہو چکا ہے جس کا کیس نمبرN I A RC.03/2018 ہے، ہمیں امید ہے کہ عدالت اس پر تمام پہلوؤں سے غور کرے گی اور اس مقدمہ میں جتنے بھی نو جوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، ان میں سے بیشتر کے مقدمات میں اے ٹی ایس کی جانب سے اس طرح کی دھاندھلی ہوئی ہے ، اور اس دھاندھلی کی بنیاد پر لوگ برسوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیںاگر ان تمام مقدمات کا باریک بینی سے مطالعہ کیا جائے تو اس میں اے ٹی ایس کی دھاندھلی بے نقاب ہوجائے گی اور ملزمین رہا ہوجائیں گے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading