انڈر-19 ایشیا کپ: ہندوستان نے جاپان کو 211 رنوں سے روند ڈالا، کپتان محمد امان کی شاندار سنچری

ہندوستان کی انڈر-19 کرکٹ ٹیم گزشتہ دنوں پاکستان انڈر-19 ٹیم سے ہار گئی تھی، لیکن آج اس نے جاپان انڈر-19 ٹیم کے خلاف زبردست واپسی کی۔ گروپ اسٹیج کا پہلا مقابلہ پاکستان سے ہارنے کے بعد آج دوسرے مقابلے میں جاپان کو 211 رنوں کے بڑے فرق سے ہرا کر ہندوستانی ٹیم نے ظاہر کر دیا کہ وہ آنے والے میچوں میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرے گی۔

2 دسمبر کو جاپانی کپتان کوجی ابے نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ اس موقع کا ہندوستانی بلے بازوں نے خوب فائدہ اٹھایا۔ ہندوستان نے 50 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 339 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ اس پہاڑ کے سامنے جاپانی ٹیم پوری طرح پست دکھائی دی اور 50 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر محض 128 رن ہی بنا سکی۔ ہندوستان کی اس شاندار جیت میں کپتان محمد امان کا بہت اہم کردار رہا۔

انھوں نے 7 چوکوں کی مدد سے 118 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 122 رنوں کی بے مثال اننگ کھیلی۔ اس اننگ کے لیے محمد امان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا۔

ہندوستان کی بلے بازی شروع سے ہی آج اچھی رہی۔ 13 سال میں ہی شہرت حاصل کر چکے ویبھو سوریہ ونشی اور آیوش مہاترے نے ٹیم کو تیز شروعات دی۔ دونوں نے مل کر 7.1 اوورس میں ہی 65 رن جوڑ دیے تھے۔ یہ وہ وقت تھا جب ویبھو 23 گیندوں پر 23 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد آیوش کی طوفانی اننگ جاری رہی۔ پھر وہ 29 گیندوں پر تیز طرار 54 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان محمد امان خود بھی اچھی بلے بازی کرتے رہے، اور دوسرے سرے پر آنے والے بلے بازوں کو بھی ترغیب دی۔

امان نے آندرے سدھارتھ (48 گیندوں میں 35 رن) کے ساتھ 58 رنوں کی شراکت داری کی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ کارتیکے (49 گیندوں پر 57 رن) نے بھی اچھی بلے بازی کی، جن کے ساتھ امان نے 122 رنوں کی انتہائی اہم شراکت داری کی۔

ہندوستان کی گیندبازی پر نظر ڈالی جائے تو سمرتھ ناگراج کو چھوڑ کر باقی گیندبازوں نے انتہائی کفایتی گیندبازی کی۔ سمرتھ نے 8 اوورس میں 48 رن دیے اور انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ چیتن شرما، ہاردک راج اور کارتیکے کو 2-2 وکٹ ملے، ایک وکٹ یدھجیت کے حصے میں آیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading