انتخابی فرائض سے انکار پر ہوگی سخت کارروائی
ضلع کلکٹر اشوک شینگارے کی جانب سے تادیبی کارروائی کی وارننگ
تھانے (آفتاب شیخ)
اسمبلی عام انتخابات 2024 کے لیے 20 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جس میں مختلف سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے افسران و ملازمین کی تقرری کی گئی ہے۔ یہ انتخابی عمل قومی فریضہ ہے، اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ضلع کلکٹر اور ضلع الیکشن آفیسر اشوک شینگارے نے انتباہ دیا ہے کہ جو ملازمین اس اہم فریضہ سے انکار کریں گے یا اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی کریں گے، ان کے خلاف نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 134 کے تحت سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، تھانے ضلع کے 18 اسمبلی حلقوں میں 20 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور 23 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ضلع میں 6,955 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، اور 7,717 پریزیڈنگ افسران، 7,717 پولنگ افسران اور 15,434 دیگر افسران سمیت 30,868 ملازمین کی تقرری کی جاچکی ہے، جو ووٹنگ کے عمل کو خوش اسلوبی سے انجام دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ان تمام ملازمین کی ابتدائی تربیت بھی مکمل ہوچکی ہے۔
تاہم، یہ مشاہدہ ہوا ہے کہ کئی ملازمین اپنے فرائض سے گریز کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کے دفتر میں تقرری منسوخ کرنے کی درخواست لے کر آرہے ہیں۔ بعض افراد بیمار ہونے کے سرٹیفیکیٹ اور مختلف شعبوں کی سفارشات کے ساتھ آ رہے ہیں۔ جن کے طبی مسائل حقیقی ہیں، ان کے لیے انتظامیہ نے خصوصی تعاون کیا ہے۔ لیکن، اشوک شینگارے نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کا کام ایک قومی فریضہ ہے اور اس میں شرکت کو نظرانداز کرنے والے ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے افرادی قوت کی سخت ضرورت ہے، اور ہر ملازم سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قومی فریضے کو ذمہ داری سے سرانجام دے۔