نئی دہلی:21مارچ( ایجنسیز) لوک سبھا الیکشن 2019 کے لئے بی جے پی نے جمعرات کو 184 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ پارٹی کی اس فہرست میں سینئرلیڈر لال کرشن اڈوانی کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ گجرات کی گاندھی نگرلوک سبھا سیٹ سے اڈوانی کی جگہ پارٹی کے قومی صدرامت شاہ کو امیدواربنایا گیا ہے۔بی جے پی کے سینئرلیڈر لال کرشن اڈوانی 1998 سے مسلسل پانچ بارگاندھی نگرسیٹ سے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔
اڈوانی ملک کے نائب وزیراعظم اوروزیرداخلہ بھی رہے ہیں۔ وہ 6 مرتبہ لوک سبھا الیکشن جیت چکے ہیں۔ ساتھ ہی اترپردیش کے 6 ممبران پارلیمنٹ کا بھی ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ فہرست میں بھی کئی ارکان پارلیمنٹ کا نام نہیں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میںارکان پارلیمنٹ کے ٹکٹ کاٹے جائیں گے۔واضح رہے کہ بی جے پی ہیڈ کوارٹرمیں جمعرات شام کو پریس کانفرنس کرکے مرکزی وزیرجے پی نڈا نے 184 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ اس سے قبل بی جے پی کی سینٹرل الیکشن کمیٹی کی اہم میٹنگ بدھ شام کو منعقد ہوئی تھی۔ اس میراتھن منتھن میں ہی امیدواروں کےنام پرمہرلگ گئی تھی۔جے پی نڈا نے بتایا کہ وزیراعظم نریندرمودی وارانسی سے الیکشن لڑیں گے۔ وہیں بی جے پی کے قومی صدرامت شاہ گجرات کی راجدھانی گاندھی نگر سے میدان میں اتریں گے۔ یہاں سے سینئرلیڈرلال کرشن اڈوانی کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ راجناتھ سنگھ لکھنو، مہیش شرما نوئیڈا، نتن گڈکری ناگپور اوراسمرتی ایرانی امیٹھی سے الیکشن لڑیں گے۔اسی طرح وی کے سنگھ غازی آباد، ہیما مالنی متھرا، ساکشی مہاراج اناو سے میدان میں اتریں گے۔ بی جے پی نے جموں سے جگل کشور، ڈاکٹر جتیندرسنگھ اودھم پور، اننت ناگ سے خالد جہانگیر امیدوارہوں گے۔ بی جے پی کی لوک سبھا امیدواروں کی پہلی فہرست میں کیرلا کے 14 امیدوار، بہارکے17امیدواراورمہاراشٹرکے 21 امیدواروں کے نام ہیں۔ ساتھ ہی آسام، اتراکھنڈ، تری پورہ کی سبھی سیٹوں، چھتیس گڑھ کی پانچ، اترپردیش کی تقریباً 30 سیٹ، آندھرا پردیش کی 25 اورتلنگانہ کی 17 سیٹوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔