نئی دہلی،7 جنوری (یواین آئی) ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی کے ایم پی ونے وشوم نے قومی شہری رجسٹر(این آر سی ) کے بارے میں گذشتہ دنوں وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان میں تبدیلی کو دیکھتے ہوئے ان کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیا ۔
راجیہ سبھا کے رکن مسٹرونے وشوم نے راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل دیش دیپک ورما کو آج بھیجے گئے خط میں میں کہا ہے کہ مسٹر شاہ نے 20 نومبر کو ایوان میں کہا تھا کہ ملک میں شہریت رجسٹر قومی سطح پر لاگو کیا جائے گا تو آسام میں پھرسے اسے لاگو کیا جائے گا۔ انہوں نے نو دسمبر کو لوک سبھا میں بھی یہی بات کہی اور اتنا ہی نہیں انہوں نے نو بار عوامی طور پر یہی بات كهي اس کے بعدپھر 22 دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ قومی شہری رجسٹر کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔
مسٹر وشوم نے خط میں کہا کہ مسٹر شاہ نے 24 نومبر کو ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ مسٹر مودی کی بات سے اتفاق کرتے ہیں۔این آر سی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور پارلیمنٹ یا کابینہ میں اس پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ مسٹر شاہ نے اپنے بیان کو بدل کر ملک کے باشندوں کو ہی نہیں بلکہ ایوان کو بھی گمراہ کیا ہے۔ اس طور پر یہ مراعات شکنی کا معاملہ بنتا ہے۔ لہذا ان کے خلاف کیوں نہ مراعات شکنی کا معاملہ درج کیا جائے۔