اسرائیل میں ایمرجنسی سروسز کے حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کو ملک میں ایک جوہری تنصیب کے قریب ہونے والے ایرانی میزائل حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 160 سے زیادہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایرانی میزائل حملے اسرائیل کے علاقے عراد اور دیمونا میں ہوئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل حملوں میں 84 افراد عراد اور 78 افراد دیمونا میں زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دونوں قصبے ایک اسرائیلی جوہری تنصیب کے قریب واقع ہیں۔
عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے مطابق اسے جوہری تحقیق کے اس مرکز کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔یاد رہے کہ حملے کا نشانہ بننے والا دیمونا نامی قصبہ اسرائیلی جوہری تنصیب سے لگ بھگ 13 کلومیٹر دور واقع ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ حملہ سنیچر کے روز ایران کی نظنز جوہری تنصیب پر مبینہ اسرائیلی حملے کے بعد ردعمل میں کیا گیا ہے.
قطرمیں ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہونے سے چھ افراد ہلاک: وزارتِ دفاع
قطر کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک ہیلی کاپٹر کے گِر کر تباہ ہونے سے چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اس سے قبل قطر نے کہا تھا کہ اس کا ایک ہیلی کاپٹر ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث قطر کی سمندری حدود میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
وزارتِ دفاع کا اب اپنے تازہ بیان میں کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد میں دو ترک شہری اور ایک ترک فوجی اہلکار شامل ہے۔