حیدرآباد:آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ وزیر اعظم مودی کو فادر آف انڈیا بتائے جانے کی مخالفت کی ہے ۔ اویسی نے کہا کہ ٹرمپ کو ہندوستان اور مہاتما گاندھی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے ، وہ نہیں سمجھ سکتے کہ باپو کا اس ملک میں کیا رول رہا ہے ۔ در اصل ٹرمپ کو امریکہ سے باہر کی دنیا کے بارے میں کچھ معلوم ہی نہیں ہے ، ایسے میں ان کے وزیر اعظم مودی کو فادر آف انڈیا بتائے جانے کے بیان کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے ۔ پی ایم مودی کا مہاتما گاندھی سے موازنہ ہو ہی نہیں سکتا ہے ۔
حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اویسی نے کہا کہ اگر ٹرمپ کو مہاتما گاندھی کے بارے میں تھوڑا سا بھی علم ہوتا ، تو وہ اس طرح کی جملہ بازی نہیں کرتے ، مہاتما گاندھی کو بابائے قوم کا خطاب اس لئے ملا ، کیونکہ انہوں نے اپنے کام سے یہ اعزاز حاصل کیا تھا ، لوگوں نے ان کی قربانیاں دیکھ کر انہیں یہ خطاب دیا تھا ، اس طرح کے خطاب دئے نہیں جاتے ، بلکہ اپنے کام سے حاصل کئے جاتے ہیں ۔
اسد الدین اویسی نے بدھ کو حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران یہ باتیں کہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باپو کے علاوہ پنڈت جواہر لال نہرو اور سردار ولبھ بھائی پٹیل بھی ہندوستان کی سیاست کی قداور شخصیت تھے ، ان کو بھی کبھی فادر آف نیشن نہیں کہا گیا ۔ اویسی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو فادر آف انڈیا کہہ کر ٹرمپ دوہرا گیم کھیل رہے ہیں ، ان کے کھیل کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کو نیویارک میں وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی ۔ اس دوران پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے مودی کی جم کر تعریف کی اور انہیں فادر آف انڈیا بتا دیا ۔ یہی نہیں انہوں نے وزیر اعظم مودی کا موازنہ امریکی راک اسٹار ایلوس پریسلی سے بھی کیا تھا ۔